اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وفاقی دارالحکومت سے مبینہ طور پر اغواء ہوکر کچے پہنچنے والے شہری کے معاملے کا ڈراپ سین ہو گیا۔ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ شہری نے خود ہی اغواء کا ڈرامہ رچایا تھا۔
نجی ٹی وی چینل کے مطابق پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم نورالدین نے اپنے دو دوستوں کی مدد سے اغواء کی جعلی ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کی۔ ملزم کا مقصد مبینہ طور پر مخالفین کے خلاف مقدمات درج کروانا اور خود پر واجب الادا رقوم سے بچنا تھا۔
ذرائع کے مطابق نورالدین نے مختلف افراد سے فراڈ کے ذریعے بھاری رقوم حاصل کر رکھی تھیں اور رقم واپس کرنے کے بجائے اغواء کا ڈرامہ ترتیب دیا۔
ایس پی سٹی ایاز اور ان کی ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی اور ہیومن انٹیلیجنس کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے ملزم اور اس کے دونوں ساتھیوں کو رحیم یار خان سے گرفتار کر لیا۔
یاد رہے کہ نورالدین کی گمشدگی کا مقدمہ یکم مئی کو تھانہ آبپارہ میں اس کے بھائی سیف الدین کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ نورالدین کو اسلام آباد سے اغواء کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں۔’’بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کیلیے انکم ٹیکس میں کمی، سپر ٹیکس کا خاتمہ‘‘ بڑی خبر آ گئی




