اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ توانائی کا پورا عالمی نظام تبدیلی کے مرحلے سے گزررہاہے،آبنائے ہر مزکی حالیہ بندش سے سپلائی چین متاثر ہوئی۔ اسلام آباد میں وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر ڈیزل و پٹرول کی قیمتیں تاریخ کی بلند سطح پر پہنچیں,حکومت صورتحال سے بہتر اندازمیں نمٹنے کیلئے کوشاں ہے،ایس ڈی پی آئی کے تعاون سے معاشی شعبے میں اقدامات کئے۔ یہ بھی پڑھیں: 200 یونٹس تک سبسڈی!، بجلی صارفین کیلئے اہم خبر آ گئی دوسری جانب پاکستان میں سمندر میں تیل و گیس کی تلاش کا عمل تقریباً دو دہائیوں بعد دوبارہ شروع ہو گیا، آف شور بڈ راؤنڈ 2025 میں پروڈکشن شیئرنگ معاہدوں اور ایکسپلوریشن لائسنسز پر دستخط کردیئے گئے۔
اعلامیہ میں کہاگیاہے کہ وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے سمندر میں تیل و گیس کی تلاش کے لیے آف شور بڈ راؤنڈ 2025 کے تحت پروڈکشن شیئرنگ معاہدے اور ایکسپلوریشن لائسنسز کی دستخطی تقریب میں شرکت کی ، ابتدائی تین سالہ لائسنس مدت کے فیز ون میں 82 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری ہو گی ۔
اعلامیے کے مطابق فیز ٹو میں ڈرلنگ تک پیشرفت کی صورت میں مجموعی سرمایہ کاری تقریباً ایک ارب ڈالر تک پہنچنے کا امکان ہے،سندھ اور بلوچستان کی ساحلی حدود سے متصل انڈس اور مکران آف شور بیسنز میں بلاکس الاٹ کیے گئے ۔
اعلامیہ کے مطابق آف شور بڈ راؤنڈ 2025 میں 54 ہزار 600 مربع کلومیٹر رقبے پر محیط 23 بلاکس کی منظوری دی گئی، دو بلاکس آف شور ڈیپ-C اور آف شور ڈیپ-F کے معاہدے 2 دسمبر 2025 کو وزیراعظم ہاؤس میں طے پا چکے ہیں ، آج مزید 21 پروڈکشن شیئرنگ معاہدوں پر دستخط کے بعد آف شور بڈ راؤنڈ 2025 کا معاہداتی فریم ورک مکمل ہو گیا ہے۔
وفاقی وزیرپیٹرولیم علی پرویز ملک کاکہناہے کہ سمندر میں تیل و گیس کی تلاش کے معاہدوں پر دستخط حکومت کی توانائی پالیسی میں ایک تاریخی سنگِ میل ہیں ،آف شور ایکسپلوریشن کی بحالی، سرمایہ کاری کے فروغ اور درآمدی ایندھن پر انحصار کم کرنے کے لیے حکومت پُرعزم ہے،یہ معاہدے پاکستان کے سمندری تیل و گیس کے امکانات پر سرمایہ کاروں کے اعتماد کا مظہر ہیں ،آف شور بڈ راؤنڈ کی کامیاب تکمیل شفاف اور سرمایہ کار دوست پالیسیوں کی عکاس ہے۔
علاوہ ازیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے ساتھ کشیدگی جلد ختم ہونے کے بیان کے بعد بدھ کے روز عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی۔ برینٹ کروڈ آئل کی قیمت 45 سینٹ (0.4 فیصد) کم ہو کر 110.83 ڈالر فی بیرل ہو گئی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل 27 سینٹ (0.3 فیصد) کمی کے بعد 103.88 ڈالر فی بیرل پر آ گیا۔
مزید پڑھیں۔عالمی اور مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں بڑی کمی ریکارڈ