ٹانک ( اوصاف نیوز) تھانہ گومل کی حدود میں امن کمیٹی کے کارکن کو گھر میں گھس کر قتل کردیا گیا جبکہ واقعے میں ایک شخص زخمی ہوا۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں امن کمیٹی کے کارکن کو نامعلوم مسلح افراد نے گھر میں گھس کر فائرنگ کرکے قتل کردیا۔
پولیس نے بتایا کہ واقعہ تھانہ گومل کی حدود کوٹ خدک کے علاقے میں پیش آیا۔
ڈی پی او شبیر حسین شاہ نے بتایا کہ مقتول کی شناخت صلاح الدین میانی کے نام سے ہوئی جبکہ واقعے میں ایک شخص زخمی ہوا، جسے ہیڈکوارٹر اسپتال ٹانک منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کرنے کے ساتھ ساتھ ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق مقتول کے خاندان کے پانچ افراد کو بھی کچھ عرصہ قبل قتل کیا جا چکا تھا۔
مزید پڑھیں:ہائر ایجوکیشن کمیشن کا گریجویٹس کیلئے اہم پالیسی کا اعلان

