ممبئی(شوبز ڈیسک)اداکارہ پرینیتی چوپڑا نے فلم ‘امر سنگھ چمکیلا’ میں امرجوت کور کا کردار ادا کرنے کیلئے اپنا 10 کلو وزن بڑھا لیا۔
فلم کے ٹریلر لانچ کے موقع پر ہدایتکار امتیاز علی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ پرینیتی اس فلم کیلئے میری پہلی ترجیح تھی ، جب میں ان سے ملا تو اداکارہ نے مجھے بتایا وہ پانچ سال سے انتظار کررہی تھی ایسی کسی فلم میں کام کرنے کا جس میں وہ اداکاری کے ساتھ ساتھ گائیکی کا مظاہرہ بھی کرسکیں۔
چنانچہ پرینیتی نے فورا حامی بھرلی مگر ایک چیز جو ہم دونوں کے لیے پریشان کن تھی وہ پرینیتی کا کم وزن تھا۔
مزیدپڑھیں:جنید اکرم نے یوٹیوبرز کی شادیوں پر سوال کھڑا کردیا
امتیاز علی نے مزید کہا کہ ‘میں نے اداکارہ کو مشورہ دیا کہ وہ وزن بڑھانے کے لیے سموسہ ، ملائی اور چاٹ وغیرہ شروع کردیں جس سے ان کا وزن 10 کلو بڑھ گیا۔’
فلم امر سنگھ چمکیلا کے ڈائریکٹر نے مزید بتایا کہ ’کوئی لڑکی یا لڑکا کبھی بھی یہ نہیں کرنا چاہے گا اور یہ کسی بھی اداکار کیلئے بہت مشکل کام ہوتا ہے ، لیکن اس پر میں پرینتی کا شکر گزار ہوں جنہوں نے میری بات مان لی۔’
خیال رہے کہ پرینتی چوپڑا امتیاز علی کی فلم میں دلجیت دوسانجھ کے ساتھ نظر آئیں گی۔ یہ فلم دو مشہور پنجابی گلوکاروں امرجوت کور اور امر سنگھ چمکیلا پر مبنی ہے۔
امر سنگھ چمکیلا کی زندگی پر بننے والی یہ فلم 12 اپریل کو نیٹ فلکس پر ریلیز کی جائے گی۔

