کراچی (شوبز ڈیسک )عالمی شہرت یافتہ پاکستانی اداکار اور ایوارڈ یافتہ ماڈل عمران نے اپنے نام سے منسوب زیر گردش متنازع پوسٹ پر لب کشائی کرتے ہوئے حقیقت سے پردہ اٹھادیا۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر عمران عباس نے طویل نوٹ جاری کیا جس میں انہوں نے اپنے نام سے گردش کرنے والی پوسٹ کی حقیقت عیاں کردی۔
مزیدپڑھیں :پاکستان ٹور سے قبل گوتم گمبھیر کے دادا، دادی کی نصحیت کیا؟
انسٹاگرام پر جاری بیان میں عمران عباس کا کہنا تھا کہ،’پہلے میں اس متنازع پوسٹ کی وضاحت نہیں دینا چاہتا تھا کیونکہ میں کسی کو وضاحت دینے کا پابند نہیں ہوں لیکن یہ دیکھ کر مایوسی ہوئی کہ لوگ جان بوجھ کر میری پوسٹ کے ذریعے کسی معزز شخص کو بدنام کرنے کی کوشش کررہے ہیں’۔
اداکار نے منفی خبریں پھلانے والوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے لکھا کہ،’یہ دیکھ کر واقعی مایوسی ہوتی ہے کہ کس طرح کچھ لوگ ہمارے الفاظ کو توڑ مروڑ کر ایسے منظرناموں کو گھڑتے ہیں جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہوتا،کیا ان کے پاس رمضان کے مہینے میں منفی اور بے بنیاد افواہوں کو پھیلانے کے علاوہ کوئی اور کام نہیں ہے؟
عمران عباس نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مزید لکھا کہ،’میڈیا انڈسٹری کے علاوہ میری اپنی بھی نجی زندگی ہےمیں نے اپنی پوسٹ میں کسی بھی ایسے شخص پر الزام عائد نہیں کیا جو تفریحی شعبے سے وابستہ ہو۔ اور میں شکر گزار ہوں کہ اس انڈسٹری میں کسی پروڈکشن ہاؤس یا پروڈیوسر نے میرے غبن نہیں کیے ہیں۔’
خوبرو اداکار نے پروڈیوسرز کی تعریف کرتے ہوئے مزید لکھا کہ،’میں نے ہمیشہ معزز پروڈیوسروں کے ساتھ کام کیا ہے اور میں اس معاملے میں خود کو خوش قسمت سمجھتا ہوں کہ میری ادائیگیاں ہمیشہ کسی بھی شوٹنگ کے اختتام سے قبل اچھی طرح سے طے پا جاتی ہیں۔’
اداکار نے معروف پروڈیوسر عبداللہ کادوانی کے نام کو مشکوک رکھتے ہوئے انکی تعریف کی اور نوٹ کا اختتام کرتے ہوئے کہا کہ ،’سوشل میڈیا پر کچھ ذرائع اور صفحات نے غلط طریقے سے میری پوسٹ کو کسی ایسے شخص سے جوڑ دیا جو بروقت ادائیگیوں کے لیے مشہور ترین اور پیشہ ور پے ماسٹرز میں سے ایک ہیں اور میں اس حقیقت کی تصدیق کر سکتا ہوں کہ انہوں نے مجھے اپنے خاندان کا فرد سمجھا ہے’۔

واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر عمران عباس کے نام سے منسوب پوسٹ وائرل ہوئی جس میں انہوں نے کسی نامعلوم پروڈکشن ہاؤس سے واجبات کی عدم ادائیگی پر اپنی مایوسی کا اظہار کیا۔
پوسٹ وائرل ہوتے ہی لوگوں نے اداکار کے الزام کو معروف پروڈیوسر عبداللہ کادوانی سے جوڑ ڈالا جو اس وقت اپنے اہل خانہ کے ہمراہ عمرہ ادائیگی میں مصروف ہیں۔
