نئی دہلی (سپورٹس ڈیسک)سابق بھارتی کرکٹر گوتم گمبھیر جب پہلی مرتبہ پاکستان کھیلنے آئے تو ان کے دادا ، دادی نے ان سے کیا بات کہی تھی؟
گوتم گمبھیر کا شمار ان بھارتی کرکٹرز میں ہوتا ہے جو پاکستان کیساتھ اکثر میچ میں اپنے غصے کی وجہ سے لڑائی پر اتر آتے تھے، یہی وجہ ہے کہ آج تک جب بھی پاک بھارت ٹاکرا ہوتا ہے تو ان کا نام سب سے پہلے آتا ہے۔
سوشل میڈیا پر ان دنوں گوتم گمبھیر کا ایک پرانا ویڈیو کلپ خوب گردش کر رہا ہے ، جس میں ہم ہمیشہ غصے سے بھرے رہنے والے گوتم کو خوشگوار انداز میں گفتگو کرتے دیکھ سکتے ہیں۔
مزیدپڑھیں :پی سی بی کا کھلاڑیوں کیلئے فائیو اسٹار ہوٹل بنانے کا منصوبہ
دورانِ انٹریو سابق مایاناز بھارتی بلے باز گوتم گمبھیر نے انکشاف کیا کہ میری دادی کا تعلق کراچی شہر سے ہے اور دادا کا ملتان شہر سے تعلق ہے، بس جب میں پہلی مرتبہ پاکستان اپنے ملک کی نمائندگی کرنے جا نے والا تھا تو میرے دادا، دادی نے ایک ہی جملہ کہا تھا’کہ بیٹا وہ جگہ ضرور دیکھ کر آنا جہاں ہمارا گھر تھا’۔
اس کے علاوہ مذکورہ شو کے دوران انہوں نے پاکستان میں کرکٹ کے جنون سے متعلق بھی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب ہم پاکستان پہنچے تو اگلی صبح باغِ جناح میں پاکستان اے ٹیم کیساتھ ہمارا میچ تھا لیکن گراؤنڈ اوس گرنے کے باعث بالکل سفید ہو چکا تھا ، یہ منظر دیکھنے کے بعد ہم سب یہ سوچنے لگے کہ میچ آج ہو گا بھی یا نہیں۔
اسی لمحے میری نظر گراؤنڈ سے باہر پڑی جہاں نوجوان ٹیپ بال سے کرکٹ کھیلنے میں مصروف تھے اور انہیں دیکھنے والوں کی تعداد بہت زیادہ تھی ، جس سے میں نے اندازہ لگا لیا کہ پاکستان میں کرکٹ کا مستقبل تاریک نہیں۔



