لاہور(نیوزڈیسک)معروف اداکار عمران عباس نے دعویٰ کیا ہے کہ ’دی سمپسنز‘ اینیمیٹڈ سیریز نے چاہت فتح علی خان کے ری میک گانے ’بدو بدی‘ کی شہرت کی پیشگوئی پہلے ہی کردی تھی۔
حال ہی میں اداکار نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اسٹوری شیئر کرتے ہوئے ’دی سمپسنز‘ کی پرانی قسط کا ایک منظر اور ’بدو بدی‘ کی ویڈیو کا اسکرین شارٹ شیئر کیا، جس میں کافی مماثلت دکھائی دے رہی ہے۔
اس کے ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ ’ سمپسنز نے پھر کر دکھایا، جیسا ماضی میں کرتے آئے ہیں، سمپسنز نے پہلے ہی بتا دیا تھا کہ ہم پر چاہت فتح علی خان کا عذاب آئے گا۔
اداکار کی شیئر کردہ تصویر میں سمپسنز کارٹون کیریکٹر کا ہیئر اسٹائل چاہت فتح علی خان سے ملتا جلتا ہے جبکہ ماڈل کے لباس میں بھی مماثلت دکھائی دے رہی ہے۔
9 ملین انسٹاگرام فالوورز کے ساتھ پاکستان کے سب سے زیادہ فالو کیے جانے والے اداکار عمران عباس سمپسنز کی پرانی قسط اور بدو بدی میں مماثلت دیکھ کر خود بھی حیران ہیں اور اپنے فالوورز کو بھی حیرت میں مبتلا کر رہے ہیں۔

