بالی وڈگلوکار کمار سانو نے پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان کے لیے گانا گانے کی تردید کر دی۔بھارتی گلوکار نے انسٹاگرام پر اپنے وضاحتی بیان میں عمران خان کے لیے گانا گانے کی تردید کی۔کمار سانو نے بھارتی میڈیا پر شائع خبر کا اسکرین شاٹ شیئر کیا جس میں فیکٹ چیک تھا اور بتایا گیا تھا کہ کمار سانو نے عمران خان کے لیے گانا نہیں گایا۔
گلوکار نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’میں اس بات کی وضاحت کرنا چاہتا ہوں کہ میں نے پاکستان کے سابق وزیراعظم کے لیے کبھی کوئی گانا نہیں گایا‘۔کمار سانو نے مزید لکھا کہ ’فیس بک پر گردش کرنے والی آڈیو میری نہیں ہے بلکہ اے آئی (آرٹیفیشل انٹیلجنس) کی مدد سے تیار کی گئی ہے‘۔
گلوکار نے مزید لکھا کہ ’کچھ لوگ مجھے بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لہٰذا میں اپنے مداحوں کو بتانا چاہتا ہوں یہ خبر (گانا) فیک ہے، جھوٹ ہے‘۔انہوں نے بھارت کی حکومت سے گزارش کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ ٹیکنالوجی کا سنگین غلط استعمال ہے اور میں حکومت سے درخواست کرتا ہوں کہ اے آئی کے غلط استعمال اور ڈیپ فیک ٹیکنالوجی کے استعمال کو روکنے کے جلد اقدامات کیے جائیں‘۔

