کراچی(نیوز ڈیسک)پاکستان شوبز انڈسٹری کی اداکارہ اور ماڈل مامیا شاہ جعفر نے پہلی بار اپنی صحت سے متعلق اہم انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وہ ایک خودکار مدافعتی آٹوامیون بیماری لوپس کا شکار ہیں۔
حال ہی میں ایک انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے مامیا شاہ جعفر نے کہا کہ گزشتہ سال وہ بیماری کی شدت کے باعث انتہائی تکلیف دہ مراحل سے گزریں۔ اس مشکل وقت میں ان کے شوہر ہر لمحہ ان کے ساتھ کھڑے رہے اور حوصلہ بڑھاتے رہے، جس کی بدولت وہ اس آزمائش کا مقابلہ کر سکیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ اب ان کی طبیعت پہلے سے بہتر ہے اور وہ دوبارہ باقاعدگی سے اپنے پیشہ ورانہ کاموں میں مصروف ہیں، تاہم اس بیماری کے ساتھ زندگی گزارنا آج بھی ایک بڑا چیلنج ہے۔
مامیا شاہ جعفر کا کہنا تھا کہ انہیں اکثر خود کو مضبوط ظاہر کرنا پڑتا ہے، کیونکہ لوگ خاموشی سے تکلیف برداشت کرنے والوں کو ہی زیادہ پسند کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شدید جسمانی درد کے باوجود وہ ہر روز ہمت کے ساتھ زندگی کا سامنا کرتی ہیں اور مثبت انداز میں آگے بڑھنے کی کوشش کرتی ہیں۔
یاد رہے کہ مامیا شاہ جعفر حال ہی میں اے آر وائی فلمز کی عیدالاضحیٰ پر ریلیز ہونے والی فلم ’’لو دے سون‘‘ میں اداکار فرحان سعید کے مدمقابل مرکزی کردار میں نظر آئیں۔ فلم میں ان کی اداکاری کو ناظرین نے خوب سراہا اور ان کے کردار کو بھی خاصی پذیرائی ملی۔
اداکارہ کی بیماری سے متعلق انکشاف سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر مداح ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کر رہے ہیں۔ متعدد صارفین نے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی، جبکہ کچھ افراد نے بتایا کہ وہ خود بھی اسی بیماری کا سامنا کر رہے ہیں اور مامیا کی ہمت کو سراہا۔
مزید پڑھیں،حکومت کا ایران سے سستا تیل خریدنے پر غور، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کی یقین دہانی

