نئی دہلی(نیوز ڈیسک)بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان کا ایک مداحہ کو دیا گیا دلچسپ اور شائستہ جواب سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے، جسے مداح خوب سراہ رہے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان نے 25 جون کو منگلورو میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں شرکت کی، جہاں ان کی آمد پر مداحوں کا زبردست جوش و خروش دیکھنے میں آیا۔ ایئرپورٹ سے تقریب کے مقام تک ہر جگہ مداح اپنے پسندیدہ اداکار کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے بے تاب نظر آئے۔
تقریب کے دوران شاہ رخ خان نے حاضرین سے خوشگوار انداز میں گفتگو کی، اپنے مقبول گانوں پر رقص کیا اور مداحوں کے ساتھ یادگار لمحات بھی گزارے۔
اسی دوران ایک خاتون مداح نے جذباتی انداز میں کہا کہ وہ اپنے شوہر سے بھی زیادہ شاہ رخ خان سے محبت کرتی ہیں۔ مداح کی اس بات پر شاہ رخ خان نے نہایت حاضر دماغی اور احترام کے ساتھ جواب دیا، جس نے حاضرین کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیر دی۔
مداح کی یہ بات سنتے ہی شاہ رخ خان مسکرا دیے اور اپنے مخصوص مزاحیہ انداز میں جواب دیتے ہوئے کہا، ’’یہ سب اکیلے میں بتانا چاہیے تھا نا۔‘‘ ان کا یہ جملہ سنتے ہی پورا ہال قہقہوں سے گونج اٹھا، جبکہ حاضرین نے تالیاں بجا کر ان کے مزاحیہ انداز کو سراہا۔
بعد ازاں شاہ رخ خان نے مداح کے جذبات کا احترام کرتے ہوئے کہا، ’’میں جانتا ہوں کہ یہ محبت کے اظہار کا ایک انداز ہے اور میں آپ کے جذبات کو سمجھتا ہوں۔ مجھے یقین ہے کہ آپ کے شوہر بھی اسے سمجھتے ہوں گے۔ میں آپ سب سے محبت کرتا ہوں، آپ کے شوہر سے بھی محبت کرتا ہوں اور آپ کے پورے خاندان کا بھی شکر گزار ہوں۔‘‘
یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی، جہاں لاکھوں صارفین نے اسے دیکھا اور شاہ رخ خان کے خوش اخلاق، حاضر دماغ اور شائستہ انداز کی تعریف کی۔ متعدد صارفین کا کہنا تھا کہ شاہ رخ خان نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ وہ نہ صرف بالی ووڈ کے سب سے بڑے سپر اسٹار ہیں بلکہ اپنی عاجزی اور مداحوں سے محبت کی وجہ سے بھی کروڑوں دلوں پر راج کرتے ہیں۔
مزید پڑھیں۔17 کروڑ کے ہرجانے کے نوٹس کے بعد ناصر مدنی کا اہم بیان سامنے آگیا

