Search
Close this search box.
بدھ ,17 جون ,2026ء

عمران ہاشمی کیساتھ ‘گرما گرمی’ پر ملیکہ شیراوت بول پڑیں

ممبئی (شوبز ڈیسک)2004 میں منظر عام پر آنے والی بالی وڈ فلم ‘مرڈر’ میں اداکار عمران ہاشمی کیساتھ اپنے بولڈ مناظر سے انڈسٹری میں طوفان برپا کرنے والی اداکارہ ریما لامبا عرف ملیکہ شیراوت کی طویل عرصے بعد نئی فلم ‘وکی اور ودھیا کا وہ والا ویڈیو’ سے بڑے پردے پر واپسی ہوگئی ہے۔

حال ہی میں بھارتی میڈیا سے ایک انٹرویو میں گفتگو کے دوران انہوں نے اپنی اور اداکار عمران ہاشمی کے درمیان اختلافات کی خبروں پر بھی بات کی۔

انہوں نے کہا کہ ‘میں دوبارہ مرڈر جیسی فلم ضرور کرنا چاہوں گی، مکیش بھٹ صاحب، کیا آپ میری یہ بات سُن رہے ہیں؟’

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ عمران ہاشمی کے ساتھ دوبارہ بڑی اسکرین پر جلوہ گر ہونا چاہیں گی؟ تو جواب میں اداکارہ نے فوراً کہا ’ہاں بالکل‘۔

یاد رہے کہ عمران ہاشمی اور ملیکا شیراوت کی ہِٹ فلم ‘مرڈر’ کی ریلیز کے بعد ان دونوں کے درمیان اختلافات کی خبریں گرم ہوئی تھیں۔

تاہم حال ہی میں ایک تقریب کے دوران اس جوڑی کا ایک دوسرے سے آمنا سامنا ہوا اور دونوں ایک دوسرے سے بغل گیر ہوکر باتیں کرتے بھی دیکھے گئے۔

عمران ہاشمی سے اپنے اختلافات کی خبروں کے بارے میں بات کرتے ہوئے ملیکا شیراوت نے کہا کہ ‘وہ سب بچگانہ باتیں تھیں، عمران ایک شاندار انسان ہے اور انمول شخصیت کا مالک ہے’۔

اختلافات کو یاد کرتے ہوئے ملیکا شیراوت نے مزید کہا کہ ‘اُس وقت ہم نوجوان تھے، انا درمیان میں آگئی تھی، لوگوں نے غلط مشورے دیے، لوگ آپ کے طرح طرح سے کان بھرتے ہیں، تو بس اسی طرح کی چیزیں (اختلافات کا) سبب بنیں لیکن مجھے بہت خوشی ہے کہ یہ سب اب ماضی کا قصہ بن چکا ہے، میں ضرور عمران ہاشمی کے ساتھ دوبارہ کام کرنا چاہوں گی’۔

انہوں نے مزید بتایا کہ عمران ہاشمی کے ساتھ ان کی ملاقات کے دوران کوئی خاص بات چیت نہیں ہوئی لیکن وہ منتظر ہیں کہ کوئی اُن دونوں کو ساتھ کسی اچھی فلم کی آفر کرے۔

واضح رہے کہ ملیکہ شیراوت کی نئی فلم ‘وکی اور ودیا کا وہ والا ویڈیو’ میں راج کمار راؤ اور ترپتی دمری مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں، راج شاندلیا کی ہدایت کاری میں بننے والی یہ فلم آج سینما گھروں میں ریلیز کردی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں