ممبئی(شوبز ڈیسک)پاکستانی سپر اسٹار و گیم شو ہوسٹ فہد مصطفیٰ کے ساتھ بالی وڈ کی شوخ و چنچل اداکارہ کرینہ کپور کی جانب سے کام کرنے کی خواہش خبروں کی زینت بن گئی۔
فہد مصطفیٰ گزشتہ 10 سال سے ڈراموں میں اداکاری کرنے سے گریز کر رہے تھے لیکن وہ اپنے گیم شو کی میزبانی اور فلموں میں کام کرنے بریک لیتے نہیں دکھے۔
رواں سال جولائی سے پاکستانی ٹی وی اسکرینز کی زینت بننے والا ڈراما ’کبھی میں کبھی تم‘ فہد مصطفی کا ایک کامیاب ٹیلی ویژن کم بیک ثابت ہوا۔
فہد مصطفیٰ کا کردار ’مصطفیٰ‘ ناظرین کے دلوں میں خاص مقام حاصل کرچکا ہے اور ناظرین اس کردار کے ساتھ ہنستے اور روتے نظر آرہے ہیں۔
اس ڈرامے کے سبب فہد مصطفیٰ کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگائیں کے بالی وڈ انڈسٹری پر اپنی بہترین اداکاری، قاتلانہ اداؤں اور بے فکر انداز کے سبب راج کرنے والی کرینہ کپور نے بھی فہد مصطفیٰ کی تعریف کرتے ہوئے ان کے ساتھ کام کرنے کی خواہش کا اظہار کردیا ہے اور اس بات کا انکشاف پاکستانی میڈیا پرسن و ٹی وی شو ہوسٹ مدیحہ نقوی نے حال ہی میں کیا ہے۔
مدیحہ نقوی نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک اسٹوری شیئر کرتے ہوئے کیا جس میں وہ مذکورہ خبر کے حوالے سے وائرل یوٹیوب ویڈیو کی سرخی دکھاتی نظر آئیں۔
یوٹیوب ویڈیو کی سرخی یہ تھی کہ ’یہ لڑکا تو کمال ہے، اگلی فلم اس لڑکے کے ساتھ کرونگی، کرینہ کپور‘۔
مدیحہ نقوی اس یوٹیوب ویڈیو کا کور دکھاتے ہوئے یہ بولتی سنائی دیں کہ ’پاکستان میں آپ یوٹیوب کھولیں تو ایسی چیزیں دیکھنے کو ملیں گی کہ آپ پریشان ہو جائیں گے‘۔
انہوں نے کہا کہ ابھی میرے سامنے یہ آیا کہ ‘یہ لڑکا تو کمال ہے، اگلی فلم اس لڑکے کے ساتھ کرونگی، کرینہ کپور‘ ، واہ، زبردست پاکستانیوں‘۔
مدیحہ نقوی نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ ’ اس ویڈیو کے ویوز ہیں 87 ہزار صرف 7 دنوں میں اور اگر ابھی لگا دیں ناں کہ 7 دنوں میں 70 ہزار کیسے کماسکتے ہیں تو کوئی بھی نہیں دیکھے گا‘۔
مدیحہ نقوی ویڈیو میں یوٹیوب کے کیپشن میں فہد مصطفیٰ کا نام غلط لکھے ہونے کی نشاندہی بھی کرتی سنائی دیں جو مصطفیٰ کی جگہ مصاطفیٰ لکھا ہوا ہے۔
واضح رہے کہ کرینہ کپور کی جانب سے فہد مصطفیٰ کے ساتھ کام کرنے کی خواہش کا اظہار نہیں کیا گیا ہے بلکہ یہ صرف یوٹیوب پر زیادہ ویوز حاصل کرنے کیلئے شیئر کی گئی جھوٹی خبر ہے۔
