کراچی (نیوز ڈیسک) پاکستان کے معروف آرتھوپیڈک سرجن اور ٹی وی تجزیہ کار ڈاکٹر عمر عادل نے حالیہ ویڈیو پیغام میں اداکارہ ریشم سے کھلے دل سے معافی مانگتے ہوئے دوستی کی نئی راہ اپنانے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ زندگی بہت مختصر ہے، تلخیوں کو ختم کر کے ایک مثبت مثال قائم کی جا سکتی ہے۔
ڈاکٹر عمر عادل، جو پی ٹی وی کے دور سے ٹی وی اسکرین پر اپنے بے باک انداز اور صاف گوئی کے لیے جانے جاتے ہیں، حالیہ دنوں سوشل میڈیا اور یوٹیوب پر اپنے پروگرام “لاؤڈ اسپیکر” کے ذریعے خبروں میں رہے۔ اسی شو کے دوران اداکارہ ریشم پر ان کے کچھ سخت الفاظ نے شوبز حلقوں میں خاصی ہلچل مچائی تھی۔
ریشم نے بھی اس پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ میں ڈاکٹر صاحب کے بیانات کو ناپسندیدہ قرار دیا تھا۔ مگر اب، ڈاکٹر عمر نے اپنے وی لاگ میں جذباتی انداز میں کہا کہ وہ ماضی کی تلخیوں کو بھلا کر ایک نئے سفر کا آغاز چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا، “ریشم، آئیے ہم ایک دوسرے کو معاف کر کے ایک نیا باب شروع کریں۔ میں چاہتا ہوں کہ ہم ان لوگوں کو حیران کریں جو ہماری دوستی سے جلے بیٹھے ہیں۔ زندگی پہلے ہی بہت سخت ہے، ان چھوٹے مسائل کو ہم خود ہی حل کر سکتے ہیں۔”
ان کا مزید کہنا تھا کہ ریشم نے ماضی میں ان کے مشکل وقتوں میں اخلاقی تعاون کیا، اور وہ اس کے لیے تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔ “ہم سب انسان ہیں، اختلافات ہو جاتے ہیں، مگر انہیں دل پر لینا درست نہیں۔ میں دلی طور پر دعا گو ہوں کہ ریشم میرے جذبات کو سمجھیں اور ہم پرانی دوستی کو دوبارہ زندہ کریں۔”
یاد رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب ڈاکٹر عمر عادل کسی تنازع کا شکار ہوئے ہوں۔ گزشتہ سال بھی وہ معروف صحافی غریدہ فاروقی سے معذرت کر چکے ہیں، جس کے بعد ان کی گرفتاری کا معاملہ خبروں کی زینت بنا تھا۔
