ممبئی(شوبز ڈیسک)شوبز انڈسٹری کا مقبول جوڑا، تمنا بھاٹیہ اور وجے ورما، کچھ عرصہ قبل اپنے راستے جدا کر چکے ہیں۔ دونوں کی جوڑی کو مداح بے حد پسند کرتے تھے اور انہیں اکثر ایک ساتھ دیکھا جاتا تھا، مگر حالات اس نہج پر پہنچے کہ رشتہ ختم کرنا پڑا۔ علیحدگی کے بعد سے دونوں کسی تقریب یا مقام پر ایک ساتھ نظر نہیں آئے۔
حال ہی میں تمنا بھاٹیہ نے ایک انٹرویو میں اپنے مستقبل، شادی، پارٹنر اور محبت بھری زندگی کے بارے میں کھل کر گفتگو کی۔ ان دنوں وہ اداکارہ ڈیانا پینٹی کے ساتھ ویب سیریز “ڈو یو وانا پارٹنر” کی تشہیر میں مصروف ہیں، جو ایمیزون پرائم پر ریلیز ہو چکی ہے۔ اس سیریز میں شویتا تیواری، نیرج کابی اور جاوید جعفری بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
بھارتی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں تمنا بھاٹیہ نے بتایا کہ وہ زندگی میں ایک بہترین جیون ساتھی بننے کی کوشش کرتی رہی ہیں اور اپنے ہونے والے شریکِ حیات سے بھی یہی توقع رکھتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا:
“میں ایک اچھا جیون ساتھی بننے کی کوشش کر رہی ہوں، اور یہی چاہتی ہوں کہ میرا پارٹنر بھی ایسا ہو کہ مجھے محسوس ہو کہ اس نے زندگی میں میرے جیسا ساتھی پانے کے لیے کچھ اچھے کام ضرور کیے ہوں گے۔ دیکھتے ہیں وہ خوش نصیب کون ہوگا۔”
تمنا کے یہ الفاظ واضح کرتے ہیں کہ وہ ایک وفادار اور بااعتماد شریکِ حیات کی تلاش میں ہیں، اور خود بھی ایسی خوبیاں اپنے اندر پیدا کرنے کی خواہش رکھتی ہیں۔
یاد رہے کہ تمنا بھاٹیہ اور وجے ورما کی پہلی ملاقات 2023 میں لسٹ اسٹوریز 2 کے سیٹ پر ہوئی تھی، جہاں سے ان کی محبت کا آغاز ہوا۔ دونوں نے تقریباً دو سال تک ایک دوسرے کے ساتھ تعلق نبھایا اور اس رشتے کو کبھی چھپایا نہیں۔ ان کی جوڑی کے بارے میں شوبز حلقوں میں شادی کی چہ مگوئیاں بھی ہونے لگی تھیں، لیکن اچانک بریک اپ کی خبر نے مداحوں کو حیران کر دیا۔
رپورٹس کے مطابق دونوں نے باہمی رضامندی سے علیحدگی اختیار کی۔ کچھ خبروں میں دعویٰ کیا گیا کہ تمنا شادی کرکے گھر بسانا چاہتی تھیں، مگر وجے ورما اس کے لیے تیار نہیں تھے۔ تاہم، بریک اپ کی اصل وجہ اب تک سامنے نہیں آئی۔
مزیدپڑھیں:’’مجھے بیٹے کی شہادت کا اشارہ مل گیا تھا‘‘
