کراچی (سپورٹس ڈیسک )پاکستان سپر لیگ( پی ایس ایل) سیزن 9 کے 28 ویں میچ میںکوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہورقلندرز کو6وکٹوں سے شکست دیدی ،کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 167 رنز کا ہدف دیا جوکوئٹہ کی ٹیم نے 4وکٹوں کے نقصان پر20ویں اوورکی آخری گیند پرپوراکرلیا۔ نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا انتخاب کیا۔لاہور قلندرز کی ٹیم میں 2 جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے۔قلندر کے فخر زمان میچ کیلئے دستیاب نہیں، وہ گزشتہ روز کراچی کنگز کے خلاف میچ میں کیچ لیتے ہوئے انجری کا شکار ہوگئے تھے۔
لاہور قلندرز کی اننگز
لاہور قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بنائے، کپتان شاہین آفریدی نے 55 رنز بنائے جبکہ عبداللہ شفیق 59 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔
اس کے علاوہ صاحبزادہ فرحان 25، مرزا بیگ 12، شائے ہوپ 5 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے ابرار احمد نے 2، محمد وسیم اور محمد عامر نے ایک ایک وکٹ لی۔
واضح رہے کہ لاہور قلندرز پوائنٹس ٹیبل پر 3 پوائنٹس کے ساتھ آخری نمبر پر ہے اور اگلے مرحلے میں پہنچنے کی دوڑ سے باہر ہے۔
دوسری جانب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 9 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہے۔
ملتان سلطانز، پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ پہلے ہی پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کرچکی ہیں۔
یاد رہے کہ اتوار کو کھیلے گئے پہلے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے دلچسپ مقابلے کے بعد ملتان سلطانز کو 3 وکٹوں سے شکست دت کر پلے آف میں جگہ بنائی۔
