Search
Close this search box.
هفته ,04 جولائی ,2026ء

’یہ ہندوستانی ٹیم کا ترانہ ہے یا ٹی20 ورلڈ کپ کا؟‘ کرکٹ ورلڈ کپ کے آفیشل ترانے پر صارفین کا ردعمل

دبئی(سپورٹس ڈیسک)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کا آفیشل ترانہ ’آؤٹ آف دِس ورلڈ‘ جاری کردیا جس میں گریمی ایوارڈ یافتہ گلوکار شان پال اور سوکا سپر اسٹار کیس نے اپنی آواز کا جادو جگایا ہے۔

مائیکل تنو مونٹانو کے تیار کردہ ترانے کو میوزک ویڈیو کے ساتھ لانچ کیا گیا ہے جس میں 8 بار کے اولمپک گولڈ میڈلسٹ یوسین بولٹ، کرکٹ اسٹار کرس گیل، علی خان، شیو نارائن چندر پال اور دیگر شخصیات شامل ہیں۔

آئی سی سی کے ترانہ ریلیز کیے جانے کے بعد صارفین کی جانب سے مختلف تبصرے کیے جا رہے ہیں، سحرش جاوید نے آئی سی سی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس ویڈیو میں شان مسعود تو موجود ہیں لیکن بابر اعظم نہیں ہیں ایسا کیوں ہے؟

ایک صارف نے لکھا کہ آئی سی سی کا گانا تو بہت اچھا ہے لیکن ویڈیو اچھی نہیں بنائی گئی۔
مزیدپڑھیں :چاند پر جانے والے چینی جہاز میں پاکستانی سٹیلائیٹ کے علاوہ اور کیا جا رہا ہے

ایک صارف نے آئی سی سی سے سوال کیا کہ یہ ہندوستانی ٹیم کا ترانہ ہے یا ٹی 20 ورلڈ کپ کا، براہ مہربانی اس بارے میں ہمیں آگاہ کریں۔

ایک بھارتی صارف نے لکھا کہ اس ترانے کی سمجھ نہیں آئی لیکن سن کر اچھا لگ رہا ہے۔

نوشی ستی نے ویڈیو میں سے پاکستان اور امریکہ کے جھنڈے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ آپ سب گانا سن رہے ہیں جبکہ میں ان جھنڈوں کو دیکھ رہی ہوں۔

یاد رہے کہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کا آغاز 2جون سے ویسٹ انڈیز اور امریکا میں ہوگا جبکہ روایتی حریف پاک بھارت ٹیمیں 9 جون کو مدمقابل آئیں گی۔

ٹورنامنٹ میں 20 ٹیمیں شرکت کریں گی جنہیں 5، 5کے 4گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے جس میں سے ہر گروپ کی 2ٹاپ ٹیمیں سپر ایٹ راؤنڈ میں جگہ بنائیں گی۔

سپر8 راونڈ میں ٹیموں کو ایک بار پھر 4، 4کے 2گروپس میں تقسیم کیا جائے گا جہاں سے 2، 2ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی اور پھر فاتح ٹیمیں 29 جون کو فائنل کھیلیں گی۔

یہ بھی پڑھیں