ارجنٹائن (نیوزڈیسک) ارجنٹائن کے لیجنڈری فٹبال کوچ سیسار لوئیس مینوٹی انتقال کرگئے۔ لوئیس مینوٹی گزشتہ چند ماہ سے کافی علیل تھے ، اتوار کو بیونس آئرس میں انتقال کرگئے۔85 سالہ مینوٹی 1978 میں ہوم گراؤنڈ پر فٹبال ورلڈکپ جتینے والی ارجنٹائن ٹیم کے ہیڈ کوچ رہے ۔
اسپین کلب بارسلونا کو بھی ٹرافیاں جتوائیں، وہ یوتھ ورلڈکپ جیتنے والی ارجنٹائن کی انڈر 20 ٹیم کے کوچ تھے۔مینوٹی پاکستان ہاکی ٹیم کے بڑے مداح تھے اور ورلڈکپ جیتنے کی حکمت عملی انہوں نے پاکستان ہاکی ٹیم سے ہی متاثر ہوکر بنائی تھی۔
1978 میں جب پاکستان ہاکی ٹیم ارجنٹائن میں موجود تھی تو مینوٹی پاکستان ہاکی ٹیم سے ملاقات کیلئے آئے تھے، اس موقع پر ان کی پاکستان ہاکی ٹیم کے کوچ وحید خان سے ملاقات ہوئی جنہوں نے انہیں ڈبل اٹیک سمیت متعدد ٹپس دیں۔
مینوٹی ایک انٹرویو میں بھی اس بات کا اظہار کرچکے ہیں کہ وہ ارجنٹائن فٹبال ٹیم کو پاکستان ہاکی ٹیم کی طرح کھلوانا چاہتے تھے اور اس وجہ سے ہی وہ ورلڈکپ جیتی۔مینوٹی نے بعد ازاں کراچی میں عبدالوحید خان کو ایک ٹیلی گرام کے ذریعے ان کا شکریہ ادا کیا تھا اور اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ پاکستان ہاکی کی حکمت عملی ان کیلئے ورلڈ کپ جیتنے میں مددگار ثابت ہوئی تھی۔

