ایپوہ(سپورٹس ڈیسک)اذلان شاہ ہاکی کپ میں پاکستان اور جاپان کے درمیان فائنل میچ کا آغاز ہو چکا ہے، پاکستان 13 سال بعد اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کا فائنل کھیل رہا ہے جب کہ جاپان پہلی مرتبہ اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچا ہے۔
پاکستان آخری مرتبہ2011 میں فائنل میں پہنچا تھا پاکستان اور جاپان کے درمیان میچ کا آغاز دونوں ممالک کے قومی ترانوں سے ہوا۔ میچ 5 بج کر 30 منٹ پر شروع ہوا تو جاپان نے 3 منٹ 36 سیکنڈ پر ہی پہلا گول داغ دیا۔
پی ایچ ایف کا کہنا ہے کہ پاکستان پوائنٹس ٹیبل پر پانچ میچوں میں مجموعی طور پر 11 پوائنٹس کے ساتھ فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب رہا ہے۔
ایونٹ میں 6 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں میزبان ٹیم ملائیشیا، پاکستان، کوریا، جاپان، نیوزی لینڈ اور کینیڈا شامل ہیں۔
پاکستان نے 1999، 2000 اور 2003 میں تین مرتبہ اذلان شاہ کپ کا ٹائٹل جیتا تھا اور گزشتہ ایڈیشن میں تیسری پوزیشن حاصل کی تھی جو 2022 میں ایپوہ میں ہی منعقد ہوا تھا۔ ملائشیا اس سال کے ایڈیشن کی دفاعی چیمپیئن ہے۔
مزیدپڑھیں :مسجدالحرام کے امام کی شادی شدہ زندگی سے متعلق اہم ہدایات، وارننگ بھی دے دی
سرکاری ریڈیو کے مطابق ویڈیو لنک کے ذریعے اسکواڈ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے ہاکی کے حوالے سے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے پاکستان نے ہاکی کی ترقی میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے پر توجہ مرکوز کرنے کا حکم دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم پاکستان کی جیت کے لیے دعا گو ہے اور چیمپیئن ٹیم کا خیر مقدم کرنے کی منتظر ہے۔
ہاکی رینکنگ میں پاکستان مسلسل ٹاپ فور میں شامل ہونے اور 4 ورلڈ کپ جیتنے کے بعد اب 18 ویں نمبر پر ہے۔ ملک نے 1992 کے بعد سے اولمپکس میں ایک بھی ہاکی تمغہ نہیں جیتا ہے۔


