راولپنڈی (ویب ڈیسک )بنگلادیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں حالیہ ناقص پرفارمنس کے بعد بابر اعظم کا ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگا۔
پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز میں ناکامی کے بعد سوشل میڈیا سائٹس پر بابر اعظم سمیت پوری ٹیم کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
اسی دوران بابر اعظم کی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے جعلی سوشل میڈیا پوسٹ بھی وائرل ہو گئی۔
بابر اعظم سے منسوب یہ جعلی پوسٹ اس قدر تفصیل سے تیار کی گئی کہ پہلی نظر میں اس کے اصل ہونے کا گمان ہوتا ہے۔

گزشتہ روز پیر کی شام سے وائرل اس پوسٹ میں بابر اعظم سے منسوب پیغام لکھا گیا کہ ‘بہت غور و فکر کے بعد میں نے ٹیسٹ کرکٹ سے کنارہ کشی کا فیصلہ کیا ہے’۔
جعلی پیغام میں مزید لکھا گیا کہ ‘یہ فیصلہ ایسی صورتحال میں کیا ہے جب گزشتہ ایک سال کے دوران مجھے اپنی فارم میں واپس آنے اور ٹیسٹ کرکٹ کے میدان میں وہ پرفارمنس دکھانے میں مشکلات درپیش رہیں جس کی میں نے ہمیشہ خواہش کی ہے’۔
بابر اعظم سے منسوب یہ سنسنی خیز مگر جعلی اعلان دراصل ان کے پیروڈی اکاؤنٹس سے پوسٹ کیا گیا تھا، جو تیزی سے وائرل ہو گیا اور کئی سوشل میڈیا صارفین کو گمراہ کرنے میں کامیاب رہا۔
واضح رہے کہ بابر اعظم ٹیسٹ فارمیٹ میں مسلسل ‘آؤٹ آف فارم’ نظر آرہے ہیں، بنگلادیش کیخلاف دوسرے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں وہ محض 11 بناکر پویلین لوٹ گئے تھے۔
وائٹ بال ٹیم کے کپتان بابراعظم مسلسل 106 ٹیسٹ اننگز میں کُل 331 رنز بناسکے ہیں جس میں کوئی ففٹی شامل نہیں۔
مزیدپڑھیں :معروف کارسازکمپنی نے گاڑیوں کی قیمتیں بڑھادیں


