نئی دہلی(سپورٹس ڈیسک)بھارت میں ایک افسوس ناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک مقامی کرکٹر اپنی ٹیم کو میچ جتوانے کے بعد مبینہ طور پر دل کا دورہ پڑنے سے چل بسا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اتر پردیش کے ضلع مرادآباد میں کرکٹ ٹورنامنٹ میں ایک سینیئر بولر میچ جتوانے کے فوراً بعد میدان میں ہی گر کر اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا،یہ واقعہ اتوار کو پیش آیا، جہاں اتر پردیش ویٹرنز کرکٹ ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام مرادآباد اور سنبھل کی ٹیموں کے درمیان میچ جاری تھا۔ مرادآبادکے خلاف سنبھل کی ٹیم کو میچ جیتنے کیلئے آخری 4 گیندوں پر 14 رنز درکار تھے۔ اس موقع پر مرادآباد کے سینیئر لیفٹ آرم فاسٹ بولر احمر خان نے شاندار آخری اوور کیا اور اپنی ٹیم کو 11 رنز سے جیت دلا دی تاہم اوور کی آخری گیند کرانے کے فوراً بعد احمر خان اچانک پچ پر گر گئے۔ عینی شاہدین کے مطابق احمر خان کی سانس پھولنے لگی،وہ پچ پر بیٹھ گئے اور اچانک بے ہوش ہو کر گر گئے۔
موقع پر موجود ڈاکٹر نے سی پی آر شروع کیا اور پھر احمر کو ایمبولینس کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق احمر خان مرادآباد کے کرکٹ حلقے میں ایک معروف نام تھے،وہ کئی برسوں سے ویٹرنز کرکٹ میں اپنی خدمات انجام دے رہے تھے اور عمدہ سپورٹس مین اسپِرٹ کی وجہ سے بے حد مقبول تھے۔
مزیدپڑھیں:مرغی کاگوشت مزید مہنگا



