اسلام آباد(نیوز ڈیسک) پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ملازمین نے منظور شدہ اسپورٹس الاؤنس کی عدم ادائیگی کے خلاف 25 فروری سے دفاتر کی تالہ بندی کا فیصلہ کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سال 2024 میں پاکستان اسپورٹس بورڈ کے اجلاس میں گریڈ ایک سے گریڈ 20 تک کے ملازمین کیلئے 150 فیصد اسپورٹس الاؤنس اور 85 فیصد ہاؤس ہائرنگ الاؤنس کی منظوری دی گئی تھی۔ یکم نومبر 2025 سے تمام سرکاری اداروں میں 85 فیصد ہاؤس ہائرنگ الاؤنس پر عملدرآمد شروع ہو چکا ہے، تاہم پاکستان اسپورٹس بورڈ میں اس فیصلے پر تاحال مکمل عملدرآمد نہیں ہو سکا۔
ذرائع کے مطابق بورڈ انتظامیہ نے گریڈ 17 سے گریڈ 20 تک کے ملازمین کو اسپورٹس الاؤنس کی ادائیگی شروع کر دی ہے، جبکہ گریڈ ایک سے گریڈ 16 تک کے ملازمین کو مذکورہ الاؤنس کی فراہمی روک دی گئی ہے۔
پاکستان اسپورٹس بورڈ ایمپلائز یونین نے اس معاملے پر ڈائریکٹر جنرل یاسر پیرزادہ کو تین خطوط ارسال کیے اور منظور شدہ الاؤنس کی ادائیگی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔ بعد ازاں انتظامیہ نے پہلے 50 فیصد اور پھر 20 فیصد اسپورٹس الاؤنس دینے پر آمادگی ظاہر کی، جسے ملازمین نے مسترد کر دیا۔
ملازمین نے معاملہ نیشنل انڈسٹریل ریلیشنز کمیشن میں اٹھایا، جہاں متعلقہ عدالت نے ڈائریکٹر جنرل کو ہدایت جاری کی کہ گریڈ ایک سے گریڈ 16 تک کے ملازمین کو اسپورٹس الاؤنس کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
ادھر پاکستان اسپورٹس بورڈ کی انتظامیہ کا ہنگامی اجلاس جاری ہے۔ ملازمین نے خبردار کیا ہے کہ اگر عدالتی فیصلے پر عملدرآمد نہ کیا گیا تو 25 فروری سے دفاتر کی مکمل تالہ بندی کی جائے گی۔
مزیدپڑھیں:ٹی ٹوئنٹی رینکنگ اپ ڈیٹ، کھلاڑیوں کی پوزیشنز میں ردوبدل



