کانپور(اوصاف نیوز) بھارت کے شہر کانپور میں راہول سپرو گراؤنڈ میں جاری انڈر 13 کرکٹ میچ کے دوران مکھیوں کے اچانک حملے سے ایک امپائر جان کی بازی ہار گئے۔
رپورٹس کے مطابق امپائر مانیک گپتا گراؤنڈ کے کنارے موجود تھے کہ اچانک مکھیوں کے غول نے کھلاڑیوں اور آفیشلز پر حملہ کر دیا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ مانیک گپتا نے خود کو بچانے کے لیے دوڑنے کی کوشش کی، تاہم متعدد ڈنک لگنے کے باعث وہ گر پڑے۔

انہیں فوری طور پر شُکلاگنج کے مقامی کلینک اور بعد ازاں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔
واقعے میں دوسرے امپائر جگدیش شرما سمیت کئی کھلاڑی اور تماشائی بھی زخمی ہوئے۔ ڈاکٹروں کے مطابق جگدیش شرما کی حالت خطرے سے باہر ہے جبکہ دیگر زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
کانپور کی کرکٹ برادری نے مانیک گپتا کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی ہے۔
مزید پڑھیں: جاپان، شدید برفباری سے نظام زندگی مفلوج، ٹرانسپورٹ کا نظام درہم برہم،اسکول بند


