اسلام آباد(ویب ڈیسک)ای میلز کے ذریعے سرکاری اداروں کے ’ڈیٹا‘ کے چوری کا خدشہ، ایڈوائزری جاری کردی گئی۔
سائبر حملوں سے بچاؤ کیلئے کام کرنیوالے نیشنل کمپیوٹر ایمرجنسی رسپانس ٹیم ( سرٹ) نے جعلسازی پر مبنی ای میلز کے ذریعے سرکاری اداروں کے ’ڈیٹا‘ کے چوری کا خدشہ ظاہر کر دیا ہے۔
سرٹ کی جانب سے جاری ایڈوائزری میں سرکاری اداروں کو سخت محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
سرٹ نے مزید بتایا کہ ہیکرز کی جانب سے سرکاری اداروں کے ای میل سسٹم پر فشنگ ای میلز بھیجی جا رہی ہیں جس میں دھوکہ دہی پر مبنی لنکس شامل کیے گئے ہوتے ہیں۔ ’ایسے لنکس پر کلک کرنے سے متعلقہ سرکاری اداروں کے ای میل سسٹم تک رسائی ممکن ہوجاتی ہے۔‘
سرکاری ملازمین کو نشانہ بنانے کے لیے آئی پی ایڈریس اور کلاؤڈ انفراسٹرکچر سے بھرپورفائدہ اٹھایا جارہا ہے۔ حملہ آوردھوکہ دہی والے ای میل ایڈریس استعمال کر رہے ہیں۔
ای میل سے منسلک پی ڈی ایف اور لنک دستاویز جمع کرنے کے لیے ڈیزائن کیے گئے ہیں۔ فشنگ لنکس کے ذریعے سرکاری ملازمین کے یوزر نام اور پاس ورڈ چرائے جارہے ہیں۔
سرٹ نے اپنی ایڈوائزری میں سرکاری اداروں، وزارتوں، ڈویژنز اور ذیلی اداروں کو کہا ہے کہ وہ حملوں سے بچنے کے لیے سائبر سکیورٹی بڑھائیں۔
سرکاری ادارے، وزارتیں اور اِن کے ذیلی ادارے اپنے ای میل سکیورٹی میں اضافہ کریں۔
مزید پڑھیں:اسرائیل نے پیجرز میں دھماکا خیز مواد شامل کیا: نیویارک ٹائمز


