کراکس(نیوز ڈیسک)وینزویلا میں بدھ کی شام یکے بعد دیگرے آنے والے دو طاقتور زلزلوں نے شدید خوف و ہراس پھیلا دیا، جبکہ دارالحکومت کراکس میں متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچنے اور بعض عمارتوں کے حصے منہدم ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
امریکی جیولوجیکل سروے (USGS) کے مطابق پہلا زلزلہ مقامی وقت کے مطابق شام تقریباً 6 بجے آیا، جس کی شدت 7.1 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کا مرکز وینزویلا کے کیریبین ساحلی علاقے مورون کے مغرب میں واقع تھا، جبکہ اس کی گہرائی تقریباً 21 کلومیٹر تھی۔
USGS کے مطابق پہلے زلزلے کے صرف ایک منٹ بعد دوسرا اور اس سے بھی زیادہ طاقتور زلزلہ آیا، جس کی شدت 7.5 ریکارڈ کی گئی۔ دوسرے زلزلے کا مرکز مورون کے جنوب مغرب میں تھا اور اس کی گہرائی تقریباً 10 کلومیٹر بتائی گئی۔
رپورٹس کے مطابق زلزلوں کے جھٹکے محسوس ہوتے ہی کراکس میں لوگ گھروں، دفاتر اور بلند عمارتوں سے باہر نکل آئے۔ کئی علاقوں میں عمارتوں کی دیواریں گر گئیں جبکہ ملبے اور گردوغبار کے بادل بھی دیکھے گئے۔
مقامی حکام کے مطابق امدادی اور ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں پہنچ گئی ہیں اور زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ حکام نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ ممکنہ آفٹر شاکس کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور غیر محفوظ عمارتوں سے دور رہیں۔
وینزویلا کے وزیر داخلہ دیوسدادو کابیو کا کہنا ہے کہ زلزلے کے جھٹکے ملک کی کئی ریاستوں میں محسوس کیے گئے، جبکہ کراکس کے بعض علاقوں میں ہنگامی صورتحال پیدا ہوئی ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ زلزلے گزشتہ ایک صدی کے دوران وینزویلا میں آنے والے طاقتور ترین زلزلوں میں شمار کیے جا رہے ہیں۔ زلزلوں کے بعد سونامی وارننگ سینٹر نے بعض کیریبین علاقوں کے لیے بھی الرٹ جاری کیا، جبکہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔
حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ صرف مستند ذرائع سے معلومات حاصل کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔
مزید پڑھیں۔ستاروں کی روشنی میں آپ کا آج (جمعرات) کا دن کیسا رہے گا؟
