گجرات (اوصاف نیوز) بی جے پی صدر اور وفاقی وزیرِ صحت کی تقریر جاری رہی ،تفصیلات کے مطابق بھارتی گجرات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ایک اجلاس کے دوران اُس وقت غیر معمولی صورتحال پیدا ہوئی جب اسٹیج کے قریب موجود ایک سیکورٹی گارڈ اچانک بےہوش ہو کر گر گیا۔
واقعہ اُس وقت پیش آیا جب بی جے پی کے صدر اور ہندوستان کے وفاقی وزیرِ صحت اسٹیج پر خطاب کر رہے تھے۔عینی شاہدین اور دستیاب ویڈیو فوٹیج کے مطابق گارڈ کے گرنے کے باوجود خطاب جاری رہا اور اسٹیج پر موجود رہنماؤں نے فوری طور پر کوئی ردعمل نہیں دیا۔
واقعے کے منظر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر شدید بحث چھڑ گئی، جہاں متعدد صارفین اور سیاسی مخالفین نے اسے حساسیت اور ہمدردی کے فقدان کے طور پر تنقید کا نشانہ بنایا۔
تنقید کرنے والوں کا کہنا ہے کہ قیادت کی اصل آزمائش ایسے مواقع پر ہوتی ہے جب کسی عام اہلکار کو مدد کی ضرورت ہو۔ تاہم، اس واقعے پر بی جے پی یا حکومتی نمائندوں کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا، اور نہ ہی سیکورٹی اہلکار کی صحت کے بارے میں کوئی تفصیل سامنے آئی ہے۔یہ واقعہ سیاسی تقریبات میں پروٹوکول، نظم و ضبط اور انسانی ہمدردی کے درمیان توازن پر ایک نئی بحث چھیڑ رہا ہے۔
مزید پڑھیں: کراچی ایکسپریس حادثے سے بال بال بچ گئی