اسلام آباد(اوصاف نیوز)ایزی پیسہ پاکستان کا پہلا ڈیجیٹل ریٹیل بینک بن گیا، 28 جنوری 2025 کو سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کراچی میں منعقدہ لائسنسنگ تقریب میں ڈیجیٹل بینکوں کے لئے لائسنسنگ اور ریگولیٹری فریم ورک کے تحت ایزی پیسہ کو باقاعدہ ڈیجیٹل بینکنگ آپریشنز شروع کرنے کے لئے کمرشل منظوری دی گئی۔
اس منظوری کے ساتھ ٹیلی نار مائیکرو فنانس بینک مائیکرو فنانس بینک سے تبدیل ہوکر ڈیجیٹل ریٹیل بینک بن گیا ہے، اور اب یہ ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینک (رجسٹرڈ ایزی پیسہ بینک لمیٹڈ) کے نام سے کام کرے گا،پاکستان کے پہلے برانچ لیس موبائل منی ٹرانسفر سلوشن سے لے کر پاکستان کے پہلے ڈیجیٹل بینک بننے تک، ایزی پیسہ کے اس سفر میں مالیاتی خدمات میں انقلابی تبدیلیوں نے صارفین کو مکمل آن لائن بینکنگ سہولت فراہم کی ہے۔ صارفین کو روایتی بینکوں کی برانچوں میں جانے کی زحمت سے بچانے کے لئے ایزی پیسہ بینک ڈیجیٹل مالیاتی رسائی اور جدت میں اہم تبدیلی کی علامت ہے۔
ایزی پیسہ کے 50 ملین رجسٹرڈ صارفین ہیں، جن میں ہر چار میں سے ایک بالغ پاکستانی شامل ہے اور اس میں خواتین صارفین کی تعداد 31 فیصد ہے،2024 میں ایزی پیسہ کے ذریعے 2.7 ارب ٹرانزیکشنز کی گئیں جن کی مالیت 9.5 کھرب روپے (پاکستان کی جی ڈی پی کا تقریبا 9 فیصد)ہے۔ یہ اعداد و شمار پاکستانی مالیاتی نظام کے ایک اہم رکن کی حیثیت سے ایزی پیسہ کی مستحکم پوزیشن کا ثبوت ہے۔ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینک کے بورڈ چیئر عرفان وہاب خان نے کہا کہ یہ ایک تاریخی سنگ میل ہے جو ایزی پیسہ کے بطور رہنما کردار کو مستحکم بناتا ہے۔
ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینک کے بورڈ کے ڈائریکٹر، Ant انٹرنیشنل کے صدر اور Ant گروپ کے سینئر نائب صدر ڈگلس فیگن نے کہا کہ ایزی پیسہ کا ڈیجیٹل بینک میں تبدیل ہونا پاکستان کے مالیاتی خدمات کے منظرنامے میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ Ant گروپ تبدیلی کے اس سفر میں مزید تعاون کرنے، لاکھوں پاکستانیوں کو خودمختار بنانے، مالیاتی شمولیت کو فروغ دینے اور ملک میں اقتصادی ترقی کی رفتار کو تیز کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینک کے سی ای او اور صدر جہانزیب خان نے کہا کہ ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینک کی تکمیل ہمارے لیے ایک اہم لمحہ ہے۔
ہم معاونت کرنے والے بورڈ کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتے ہیں ہم ڈیجیٹل مالیاتی سلوشنز کے میدان میں مسلسل جدت کے ساتھ پاکستان میں بینکنگ کو نئی شکل دینے کے عزم پر ثابت قدم ہیں۔
مزید پڑھیں:کراچی پاکستان کا ترقی یافتہ شہر بنے گا ،شرجیل انعام میمن




