اسلام آباد (اوصاف نیوز )اوصاف میڈیا گروپ کی جانب سے وضاحتی بیان جاری کیا گیا ہے جس میں عوام کو خبردار کیا گیا ہے کہ ہمارے آفیشل ٹیمپلیٹس اور انداز کو استعمال کرتے ہوئے جعلی اور من گھڑت خبریں سوشل میڈیا پر پھیلائی جا رہی ہیں۔ ایسے تمام مواد کا ادارے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔انتظامیہ نے عوام اور قارئین سے اپیل کی ہے کہ جعلی خبروں کی نشاندہی کریں اور مشکوک مواد سے متعلق آگاہی دیں تاکہ ذمہ دار صحافت کے فروغ کو یقینی بنایا جا سکے۔
سوشل میڈیا پر وزیر دفاع خواجہ آصف سے منسوب ایک جعلی بیان وائرل ہونے کے بعد روزنامہ اوصاف نے اس کی باقاعدہ تردید جاری کر دی ہے۔ جعلی نیوز کارڈ میں خواجہ آصف کی تصویر استعمال کرتے ہوئے یہ دعویٰ کیا گیا کہ انہوں نے کہا ہے کہ افغانستان امریکا کے حوالے ایئربیسز کرے، بصورت دیگر یہ سلسلہ جاری رہے گا۔روزنامہ اوصاف کے مطابق اس نوعیت کا کوئی بیان نہ تو وزیر دفاع کی جانب سے جاری کیا گیا اور نہ ہی کسی مستند سرکاری ریکارڈ میں اس کا ذکر موجود ہے۔ ادارے کا کہنا ہے کہ اس کی ویب سائٹ پر شائع ہونے والی ایک اصل خبر کو نامعلوم عناصر نے ایڈیٹ کر کے اس کی ہیڈلائن کارڈ تبدیل کیا اور سوشل میڈیا پر گمراہ کن انداز میں پھیلا دیا۔
واضح کیا گیا ہے کہ وائرل ہونے والی تصویر اور بیان من گھڑت اور جعلی ہیں اور ان کا ادارے کی ادارتی پالیسی یا شائع شدہ مواد سے کوئی تعلق نہیں۔ انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کو شیئر کرنے سے قبل مستند ذرائع سے تصدیق ضرور کریں تاکہ غلط معلومات کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔یہ واقعہ ایک بار پھر اس امر کی نشاندہی کرتا ہے کہ معروف شخصیات اور قومی معاملات سے متعلق جعلی بیانات سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیلائے جا سکتے ہیں، اس لیے صارفین کو محتاط رہنے اور مستند ذرائع پر انحصار کرنے کی ضرورت ہے۔
مزید پڑھیں :ڈاکٹر نبیہا علی تنازعہ: پرانا کلپ شادی کے جھگڑے سامنے لے آیا




