واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک)سابق امریکی نائب صدر کملا ہیرس کے شوہر ڈگ ایمہوف کو آسکرز کی تقریب کے دوران سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی ایک جھوٹی ویڈیو مہم کا سامنا کرنا پڑا، جس میں ان سے متعلق بے بنیاد دعوے کیے گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کملا ہیرس اپنے شوہر کے ہمراہ اکیڈمی ایوارڈز کی تقریب دیکھ رہی تھیں۔ ڈگ ایمہوف نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر کملا ہیرس کے ساتھ ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ وہ آسکرز دیکھ رہے ہیں اور یہ فلمی دنیا کے لیے ایک بہترین سال رہا۔ کملا ہیرس نے بھی اس تصویر کو اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر دوبارہ شیئر کیا۔
اسی دوران سوشل میڈیا پر بعض افراد نے ایک ویڈیو گردش میں لائی، جس کے بارے میں دعویٰ کیا گیا کہ اس میں ڈگ ایمہوف کو بدنام امریکی سرمایہ کار جیفری ایپسٹین کے ساتھ نجی ہیلی کاپٹر میں دیکھا جا سکتا ہے۔
تاہم حقائق کی جانچ پڑتال سے واضح ہوا کہ یہ دعویٰ مکمل طور پر بے بنیاد ہے۔ دستیاب ایپسٹین فائلز، فلائٹ ریکارڈز اور کسی بھی سرکاری دستاویز میں ڈگ ایمہوف کا نام شامل نہیں، جبکہ دونوں شخصیات کے درمیان کسی قسم کے تعلق یا ملاقات کا کوئی مستند ثبوت بھی موجود نہیں۔
ماہرین کے مطابق اس نوعیت کی گمراہ کن ویڈیوز اور جھوٹے دعوے اہم عوامی شخصیات کے خلاف سوشل میڈیا پر غلط معلومات پھیلانے کی ایک عام مثال بن چکے ہیں، جس کا مقصد عوامی رائے کو متاثر کرنا ہوتا ہے۔
مزیدپڑھیں:شوہر اور بیٹے نے خاتون کو کس طرح 2 مرتبہ موت کے چنگل سے چھڑایا؟


