ایران کا خطے کے دیگر ممالک سے تنازع کا کوئی ارادہ نہیں، یہ بات ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے وزیراعظم شہباز شریف سے گفتگو میں کہی۔ دونوں رہنماؤں نے خطے کی صورتحال اور عالمی سکیورٹی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق صدر مسعود پزشکیان نے منگل کے روز وزیراعظم شہباز شریف سے رابطہ کیا۔ اس دوران دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن اور استحکام پر گفتگو کی۔
صدر پزشکیان نے کہا کہ ایران کا خطے کے دیگر ممالک سے تنازع کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران خطے میں تعاون اور امن کو فروغ دینا چاہتا ہے۔
ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ اگر عالمی برادری جنگ کے ذمہ دار عناصر پر توجہ نہ دے تو عالمی نظام اور سکیورٹی کو سنگین خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے نومنتخب سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کو خط لکھا تھا۔ خط میں انہوں نے آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے ایرانی عوام اور امت مسلمہ کے لیے پاکستانی عوام کی جانب سے ہمدردی اور دعاؤں کا پیغام بھی دیا۔


