ایران آپریشن میں امریکی فوجی ہلاک ہونے کی تصدیق امریکی مرکزی کمان نے کر دی ہے۔ تین امریکی فوجی جان سے گئے جبکہ پانچ شدید زخمی ہوئے۔
سینٹ کام نے اتوار کو جاری بیان میں کہا کہ یہ ہلاکتیں جاری فوجی کارروائی کے دوران ہوئیں۔ چند اہلکار معمولی زخمی بھی ہوئے ہیں اور جلد ڈیوٹی پر واپس آئیں گے۔
موجودہ حملوں کے دوران یہ پہلی بار ہے کہ امریکا نے فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ کارروائی دوسرے روز میں داخل ہو چکی ہے۔
حکام کے مطابق شہید اہلکاروں کے نام فوری طور پر جاری نہیں کیے جائیں گے۔ پہلے اہل خانہ کو اطلاع دی جائے گی۔
امریکا اور اسرائیل نے ایران کے مختلف علاقوں میں حملے جاری رکھے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق اس کارروائی کا مقصد ایرانی قیادت کو ہٹانا ہے۔
ایران نے مشرق وسطیٰ میں امریکی اہداف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا۔ ایرانی پاسداران انقلاب نے کہا کہ انہوں نے ایک امریکی بحری جہاز کی طرف بیلسٹک میزائل فائر کیے۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ان میزائلوں سے کوئی نقصان نہیں ہوا۔ صورتحال تیزی سے بدل رہی ہے اور کشیدگی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
ایران نے واضح کیا ہے کہ وہ اپنے دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ خطے میں حالات بدستور کشیدہ ہیں اور فوجی کارروائیاں جاری ہیں۔

