خلیجی ممالک میں امریکی بینکوں کو نشانہ بنایا جانے کا دعویٰ ایران نے کیا ہے۔ ایرانی حکام کے مطابق یہ اقدام ایرانی بینکوں پر ہونے والے حملوں کے جواب میں کیا گیا۔
ایرانی پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ ایرانی بینکاری نظام کو نشانہ بنائے جانے کے بعد خلیجی ممالک میں موجود امریکی بینکوں کو نشانہ بنایا گیا۔
ایرانی حکام کے مطابق اس کارروائی کا مقصد اپنے مالیاتی نظام اور قومی مفادات کا تحفظ کرنا ہے۔
اس سے پہلے ایرانی فوجی قیادت نے خطے میں موجود امریکی اہداف کے خلاف ممکنہ کارروائی کا عندیہ بھی دیا تھا۔
ایران کی مرکزی فوجی کمان کے ترجمان نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے مختلف شہروں میں دشمن کے میزائل لانچنگ مقامات کو نشانہ بنانے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے۔
ترجمان کے مطابق امریکہ نے خطے میں اپنے فوجی اڈوں کو نقصان پہنچنے کے بعد امارات کی بندرگاہوں، ڈاک یارڈز اور شہری علاقوں میں پناہ لے رکھی ہے۔
انہوں نے اماراتی قیادت کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ایران اپنی قومی خودمختاری اور سرزمین کے دفاع کو اپنا جائز حق سمجھتا ہے۔
دوسری جانب ایرانی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ جدید ہتھیاروں کے استعمال میں اضافہ کیا جائے گا۔
وزارت کے مطابق بیلسٹک میزائل اور زیادہ درست اور تباہ کن ہتھیاروں کے استعمال کا امکان بھی موجود ہے۔


