ایران کا اسرائیلی ایف 16 طیارہ گرانے کا دعویٰ خطے میں بڑھتی کشیدگی کے درمیان سامنے آیا ہے۔ یہ دعویٰ ایران کی فوجی تنظیم پاسداران انقلاب نے کیا ہے۔
سرکاری بیان کے مطابق جمعہ کی صبح مقامی وقت کے مطابق 3 بج کر 45 منٹ پر ایران کے وسطی علاقے میں ایک اسرائیلی ایف 16 جنگی طیارے کو نشانہ بنایا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ طیارہ جدید فضائی دفاعی نظام کے ذریعے تباہ کیا گیا، جو پاسداران انقلاب کی ایرو اسپیس فورس کے زیر استعمال ہے۔
ایرانی حکام کے مطابق جنگ کے ابتدائی تین ہفتوں میں 200 سے زائد فضائی اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ ان میں ڈرون، کروز میزائل، ایندھن فراہم کرنے والے طیارے اور جدید جنگی جہاز شامل ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ان کارروائیوں سے ثابت ہوتا ہے کہ ایران کی فضائی نگرانی اور دفاعی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ایران اب نہ صرف اپنی فضائی حدود بلکہ پورے خطے میں بھی مؤثر دفاع کی صلاحیت رکھتا ہے۔
اس سے قبل ایک جدید جنگی طیارے کو نقصان پہنچنے کی رپورٹس بھی سامنے آئی تھیں، جس کے بعد امریکا نے تحقیقات شروع کی تھیں۔


