اسلام آباد(نیوزڈیسک) فیڈرل بورڈ آف ریونیو کا کرپشن میں ملوث افسران کا پتہ لگانے کیلئے ایجنسیوں کی مدد لینے کا فیصلہ ، چیئرمین ایف بی آر نے افسران پر واضع کیا ہے کہ ادارے میں جزاء و سزا کا سخت نظام لاگو کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو راشد محمود لنگڑیال نے ایف بی آر کے نئے اصلاحاتی پلان بات کرتے ہوئے کہا کہ غیر معمولی کارکردگی دکھانے والے افسران کیلئے اضافی مالی مراعات کی منظوری لے لی۔
راشد محمود لنگڑیال کا کہنا تھا کہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے افسران کو سہہ ماہی بنیادوں پر مراعات دی جارہی ہیں مگر اب اس نظام کو مزید بہتر کیا جائے گا۔
انہوں نے واضح طور پر کہا کہ وہ ٹیکس ڈیپارٹمنٹ میں کسی بھی قسم کی کرپشن کو برداشت نہیں کرینگے جبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے ان افسران پر نظر رکھیں گے جو بدعنوانی میں ملوث ہوں گے انکو کسی طور پر نہیں چھوڑا جائے گا اور سخت کارروائی کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین ایف بی آر نے انکشاف کیا کہ ٹیکس نہ دینے والوں کے خلاف اضافی اقدامات کیے جائیں گے اور ٹیکس مشینری کو مزید اختیارات دیے جائیں گے تاکہ مالیاتی اداروں سے معلومات کے تبادلے سے متعلق قوانین میں ترامیم کی جا سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایف بی آر ماڈل ٹیکس دفاتر اور ڈیجیٹل انفورسمنٹ اسٹیشن قائم کرے گا جبکہ انفورسمنٹ کلیکٹریٹس کے لیے ایک خصوصی فنڈ بھی قائم کیا جائے گا تاکہ درآمدات کے ذریعے ٹیکس بڑھانے پر افسران اور عملے کو بونس دیا جا سکے۔



