کراچی میں کاروباری روز کے دوران سونے اور چاندی کی قیمتوں(Gold and Silver Rates) میں ایک بار پھر کمی کا رجحان دیکھنے میں آیا ہے، جس سے صرافہ مارکیٹ میں تبدیلی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
صرافہ مارکیٹ کے مطابق فی تولہ سونا 2 ہزار 900 روپے کمی کے بعد 4 لاکھ 90 ہزار 862 روپے کی سطح پر آگیا ہے۔ اسی طرح 10 گرام سونا بھی 2 ہزار 486 روپے سستا ہو کر 4 لاکھ 20 ہزار 835 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔
عالمی سطح پر بھی سونے کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جہاں فی اونس سونا 29 ڈالر کمی کے بعد 4685 ڈالر پر آ گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق عالمی منڈی میں اتار چڑھاؤ کا براہِ راست اثر مقامی مارکیٹ پر بھی پڑ رہا ہے۔
چاندی کی قیمتوں میں بھی کمی کا سلسلہ جاری رہا، جس کے مطابق فی تولہ چاندی 142 روپے کمی کے بعد 7 ہزار 957 روپے پر پہنچ گئی ہے۔
مزیدپڑھیں:تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا الرٹ جاری
ماہرینِ معیشت کے مطابق سونا عمومی طور پر ایک محفوظ سرمایہ کاری تصور کیا جاتا ہے اور جب معاشی یا سیاسی غیر یقینی صورتحال بڑھتی ہے تو سرمایہ کار اس کی طرف رجوع کرتے ہیں۔ اسی وجہ سے سونے کی قیمتیں عالمی حالات کے مطابق مسلسل اتار چڑھاؤ کا شکار رہتی ہیں۔
پاکستان میں گزشتہ برس سونے کی قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار میں بھی تبدیلی کی گئی تھی، جس کے تحت مقامی ریٹ کو عالمی مارکیٹ ریٹ سے منسلک کرتے ہوئے ایک مخصوص فرق کے ساتھ قیمت مقرر کی جاتی ہے۔
سونے اور چاندی کی حالیہ کمی نے جہاں خریداروں کو کچھ ریلیف دیا ہے وہیں سرمایہ کار مارکیٹ کی اگلی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

