اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں آئندہ چند گھنٹوں کے دوران موسم(weather) کی صورتحال میں بڑی تبدیلی کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش کے نئے سلسلے کا الرٹ جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق بعض مقامات پر ژالہ باری اور آسمانی بجلی گرنے کے واقعات بھی پیش آ سکتے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے 3 سے 6 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں موسلا دھار بارش کے ساتھ تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے، جس کے باعث موسم مزید سرد اور غیر یقینی ہو سکتا ہے۔
بلوچستان کے کئی اضلاع اس سسٹم کے زیرِ اثر ہیں جہاں کوئٹہ، ژوب، زیارت، پشین، قلعہ سیف اللہ اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ ان علاقوں میں بادلوں کی موجودگی کے باعث درجہ حرارت میں بھی نمایاں کمی متوقع ہے۔
خیبرپختونخوا میں مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ داخل ہو رہا ہے، جس کے نتیجے میں پشاور، سوات، چترال، دیر، مردان اور وزیرستان کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ اس دوران بعض مقامات پر شدید بارش بھی ہو سکتی ہے۔
پنجاب کے جنوبی اور شمالی علاقوں میں بھی موسم کی شدت بڑھنے کا امکان ہے۔ لیہ، بھکر، ڈیرہ غازی خان اور تونسہ سمیت مختلف علاقوں میں بارش اور آندھی کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
مزیدپڑھیں:پرانے اور استعمال شدہ موبائل فونز بھی مہنگے ، عوام کیلئے خریدنا مشکل
ادھر کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بادل برسنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے جہاں تیز ہوائیں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے، جس سے بالائی علاقوں میں موسم مزید سرد ہو جائے گا۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ گرج چمک کے دوران کھلے مقامات پر جانے سے گریز کریں، بجلی کے کھمبوں، درختوں اور کمزور عمارتوں کے قریب نہ جائیں۔ بالائی علاقوں میں موجود سیاحوں کو بھی خصوصی احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
موسم کا یہ نیا سسٹم مختلف علاقوں میں خوشگوار تبدیلی کے ساتھ ساتھ احتیاطی تدابیر کی ضرورت کو بھی بڑھا رہا ہے۔


