اسلام آباد(نیوز ڈیسک)ملک بھر میں مون سون کا سلسلہ شروع ، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی اور ملک کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش کے نتیجے میں کئی روز سے جاری شدید گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا۔ ٹھنڈی ہواؤں اور بارش نے موسم کو خوشگوار بنا دیا جبکہ شہریوں نے گرمی سے نجات ملنے پر اطمینان کا اظہار کیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں 52 ملی میٹر جبکہ راولپنڈی میں 15 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ بارش کے باعث درجہ حرارت میں نمایاں کمی آئی اور فضا میں نمی بڑھنے کے باوجود موسم خوشگوار محسوس کیا گیا۔
دوسری جانب مون سون بارشوں کے باعث نشیبی علاقوں میں نکاسیٔ آب کے انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ چند گھنٹوں اور آنے والے دنوں میں بھی اسلام آباد، راولپنڈی سمیت بالائی پنجاب، خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے جس کے پیش نظر شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں۔پاکستان دنیا میں سولر پینلز کا تیسرا بڑا درآمد کنندہ بن گیا، 2024 میں 17 گیگاواٹ سسٹمز درآمد