حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے تحت بعض مصنوعات مہنگی جبکہ کچھ سستی کر دی گئی ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت میں کمی کی گئی ہے اور نئی قیمت 360 روپے 76 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے، جس کا اطلاق یکم مئی سے ہو گیا ہے۔ اس سے قبل مٹی کا تیل 365 روپے 21 پیسے فی لیٹر میں فروخت ہو رہا تھا، جبکہ گزشتہ ہفتے بھی اس کی قیمت میں نمایاں کمی کی گئی تھی۔
دوسری جانب پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ پیٹرول 6 روپے 51 پیسے مہنگا ہو کر 399 روپے 86 پیسے فی لیٹر تک پہنچ گیا ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 19 روپے 39 پیسے اضافے کے بعد 399 روپے 58 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
عوام کو آئندہ لوڈ شیڈنگ کا سامنا نہیں کرنا پڑیگا: اویس لغاری
تاہم کمرشل جہازوں میں استعمال ہونے والے جیٹ فیول کی قیمت میں کمی کی گئی ہے۔ جیٹ فیول 7 روپے 76 پیسے فی لیٹر سستا ہو کر 388 روپے 58 پیسے فی لیٹر ہو گیا ہے، جو پہلے 396 روپے 31 پیسے فی لیٹر تھا۔
ماہرین کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ مہنگائی پر مزید دباؤ ڈال سکتا ہے، جبکہ مٹی کے تیل اور جیٹ فیول کی قیمت میں کمی سے محدود ریلیف ملنے کی توقع ہے۔

