Search
Close this search box.
جمعه ,26 جون ,2026ء

ہماراپیاراپاکستان

ہمارا پاکستان دنیا کا عجیب و غریب ملک ہے۔ بلا شبہ برصغیر کی تقسیم جدید تاریخ کا ایک چونکا دینے والا واقعہ تھاجس کے نتیجے میں یہ قائم ہوا۔جمہوری طریقے سے جمہوریت کے لئے قائم ہونے والی اس مملکت میں آمریت بھی بےحساب ہے اور جمہور کی جمہوریت نوازی کی بھی کوئی حد نہیں۔اندازہ اس سے لگا لیں کہ قوم اکیسویں صدی میں بھی پورے اطمینان سے چار فوجی حکومتیں بھگتا چکی ہے۔ یہاں جمہوریت سے لگن بھی ایسی ہے کہ پاکستان کی پہلی نصف صدی ہی کے اکائونٹ میں نصف درجن ملک گیر جمہوری تحریکیں موجود ہیں۔آزادی صحافت کے لئے مسلسل جدوجہد کی ایک شاندار تاریخ اس کے علاوہ ہے۔
دانشوروں اور صحافیوں کی اکثریت’’بدتر منتخب حکمراں بہترین آمر سے بہتر ہے‘‘کے فلسفہ جمہوریت کی ایسی پیروکار ہے کہ آج بھی یہ سابق کرپٹ حکمرانوں کے لئے اس زور سے بانہیں کھولے کھڑی ہے کہ ملک کے پاپولر سیاستدان اپنی تمام کرپشن اور سول آمریت سمیت اس میں سما گئے ہیں۔ یہاں ڈکٹیٹر چین سے حکومت کر سکتے ہیں نہ منتخب حکمران جو اقتدار کے روزِ اول سے خاتمہ حکومت تک خود کو غیر محفوظ سمجھتے ہیں۔اپوزیشن ’’جمہوریت ‘‘سے تنگ آکر آمریت کو یاد کرنے لگ جاتی ہے ،جب فوجی آمریت جلوہ گر ہوتی ہے تو الیکشن ہی سارے مسائل کا حل قرار پاتے ہیں۔پھر فرشتے اور لٹیرے مل کر جمہوریت کی صدائیں لگاتے ہیں۔پیارے پاکستان میں فوجی سیاست کرتے ہیں اور سیاستدان تجارت ، لیکن سیاست کی تجارت،بلکہ ہمارے پاپولر ووٹ بینکر تو سیاست کو صنعت کے درجے پرلے آئے ہیں،اسی لئے فرینڈلی اپوزیشن بھی اپنی باری کا انتظار کر رہی ہے۔
کچھ عملیت پسند تاجر کھلے عام کہتے ہیں اور بہت سے سوچتے ہیں کہ جیسے روزگاروں میں سب سے افضل تجارت ہے،اسی طرح تجارت میں سب سے منافع بخش کاروبار سیاست کا ہے ۔’’پیسہ پہنچاؤ،جلدی بھیجو، جتنا بھیجو،قوم ہمارے ساتھ ہے‘‘کی سیاسی،تجارتی تھیم پر یہ کاروبار چلتا ہے تو رکتا نہیں۔روکنے کے لئے فوج بلانا پڑتی ہے یا وہ خود ہی تشریف لے آتی ہے۔ رہے عوام،بس جوق درجوق’ووٹ بھگتانا،فوجی انقلاب پردیگیں چڑھانا،مٹھائیاں بانٹنا ، پہلےخوشی اور پھر مہنگائی سے مرجانایا تحریکِ جمہوریت میں شہید ہو جانا،ان کا سیاسی مقدر ٹھہرتا ہے۔یہ تو ہوا سیاست و حکومت میں باوردی نجات دہندوں اور سیاسی تاجروں کا حصہ اور اس میں عوام کی شرکت کا ب78سالہ حساب۔اس حساب سے پیارے پاکستان کی جو کتاب تیار ہوئی ہے اسے کھولوتو ایک سے بڑھ کرایک عجوبہ پڑھنےکو ملتا ہے۔حیرت کا وہ وہ ساماں کہ سطر سطر پڑھ کر بےساختہ منہ سے نکلتا ہے ’’یہ ہے ہمارپیارا پاکستان‘‘۔
شہروں میں مال و جان اتناہی غیر محفوظ جتنی دیہات میں جاگیرداری مضبوط،کیا اسلام آبادکیاکراچی،دونوں شہروں میں قیامِ امن کےعالمی اجارہ داروں کی سفارتی املاک محفوظ ہیں نہ لاہور اور پشاورمیں فائیو اسٹار ہوٹلز۔جاگیر دار ،سیاستدانوں کا لبادہ اوڑھے ،سیاست کے تاجروں اورباوردی نجات دہندوں،ان کی زندہ باد،مردہ باد کرنے والے ابلاغ کاروں نے مل جل کرباہمی اخوت اور کمالِ مہارت سے اپنے پیارے عوام کے لئے ایسا نظامِ بد تشکیل دیا ہے کہ ملک کے اہل ترین افراد کو سات سمندر پار بھاگنے پر مجبور کر دیا،جو بچ گئے انہیں کونے میں لگا دیا گیا،اہلیت اور نااہلیت ماپنے کے پیمانے تبدیل کر دیئے گئے۔نااہل اور نکمے عرش پر پہنچا دیئے گئے اور اہل و مخلص فرش پر بٹھا دیئے گئے ہیں۔
واہ ری پاکستان کی جمہوریت!تیرے راج میں غریبوں کے لئے قصبوں دیہات میں بلا فیس بن استاد مع تنخواہ گھوسٹ اسکول(کہ مفت تعلیم کا اس سے بہتر اور کیا انتظام ہو سکتا تھا)اور ’’معززین وقت‘‘کے بچوں کے لئے پانچ سے پندرہ ہزار کی فیس کے اسکول بھی، جہاں خوراک،لباس اورتعلیم و تفریح کو ترستے بچوں کا مستقبل سنوارنے کے لئے سیکڑوں آقا اور ان کی آقائی کو مضبوط بنانے والی فوج تیار کی جا رہی ہے۔ پیارے پاکستان میں بڑی بڑی کاروں والوں کے لئے شایانِ شان موٹر وےبھی ہے اور بےکاروں کے ٹھوکریں کھانے کے لئے گویا ہر گلی ’’ٹھوکر وے‘‘ہے۔
اس عجیب و غریب مملکت میں اربوں کی لوٹ مار کرکے بیرونِ ممالک کے بینکوں میں محفوظ کرنے والے تو این آر او کے طفیل پھر سےحکومت کے سب سے اعلیٰ عہدوں پر براجمان اور پاکستانی بینکوں سے کروڑوں کے قرض خور کسی بھی حساب کتاب سے آزاد اور چارچار پانچ لاکھ کے قرض خواہ بینکنگ کورٹس کے کٹہروں میں خوفزدہ کھڑے ہیں کہ کب ان کے پانچ پانچ مرلے کے مکان بحق سرکارضبط کئےجاتے ہیں اور کب ان کے ضامن کو ہتھکڑی لگتی ہے۔اس ملک کی ایک اہم سیاسی جماعت جو ایک بڑے ووٹ بینک رکھنے کا دعویٰ کرتی ہے ،انتخابی مہم میں نعرہ لگاتی ہے کہ ’’قوم کو لوڈشیڈنگ اور اس اندھیرے سے نجات دلائی ہے ہم نے‘‘اقتدار میں آکر کرائے کے بجلی گھروں کے نام پر ملک کے کھربوں روپے اپنے ’’آئی پی پیز‘‘کوکیپیسٹی کے نام پرہڑپ کرگئے ہیں اورکسی سے پوچھے بغیر ملک میں لوٹ مار کا ایک اور ایٹم بم چلادیا ہے جس سے بجلی کا بل بھی عوام پر بجلی بن کر گررہا ہے اورٓآئے روزخودکشیوں کالامتناہی سلسلہ شروع ہوچکاہے۔نصف سے زائدیہ بجلی گھر گوروں کے پاس گروی رکھیں گئے ہیں تاکہ اس کی آڑمیں ان کے ذاتی بجلی گھربھی چلتے رہیں ۔غریب عوام کا دامن بجلی سے جلا کر خاکستر کردیاگیاہے اوراپنے بینک بیلنس میں اس بجلی سے ایک تازہ چمک اور روشنی وصول کررہے ہیں۔یہ ہے پاکستان کا حال!جس کا کوئی حساب نہیں۔یہاں دو جمع دو چار نہیں ،اس کا جواب کبھی دس اور کبھی صفر ہوتا ہے۔اس کا بانی قائد اعظم جیسا تاریخ ساز ہے اور اس کا قیام سرسید اور اقبال کی دانش کا کمال ہے۔
ہمارے ہاں دیہاتوں کی معمولی پنچائت مختاراں بی بی پر حملہ آور ہونے ،معصوم بچیوں کو ونی کرنے اورہمارے سردار کے حکم پر زندہ تسلیم سولنگی کو کتوں کے آگے بھنبھوڑنے کے لئے چھوڑ دیئےجانے کے احکام جاری کر دیئے جاتے ہیں لیکن ہماری حکومتیں ان کا بال تک بیکا نہیں کر سکتیں لیکن دس ایڈوانی،بیس واجپائی اور سینکڑوں من موہن سنگھ اورمودی مل کر ڈاکٹرقدیرخان کے پاکستان پرحملہ آور ہونے کاسوچ نہیں سکتے(شکر الحمد اللہ)۔ یادرہے یہ وہی ڈاکٹرعبدالقدیرہیں جن کوڈکٹیٹرکے حکم پرٹی وی پرآکرقوم سے معافی مانگناپڑگئی تھی۔اس لئے کہ ہم عجیب قوم ہیں ،پاکستان ایک عجیب ملک ہے۔
میرےعزیزپاکستانی بہن بھائیو! یومِ آزادی ہے،سوچو!یہ حساب چلےگا؟نہیں چلے گا۔کبھی دو جمع دو سے صفر اور کبھی دس نکالنے والا حساب ختم کرو،اس کتاب کو بند کرو۔آئومل کر ایک نیا باب تحریر کریں جس میں دو جمع دو کا جواب چار ہی نکلے، پھر ہمارے بچے ایک اور باب رقم کریںگے جو درست ہوگا اور پھر ان کے بچے حساب میں ماہر ہو جائیں گے۔ یہ وقت ہو گاجب ہماری کتاب دنیا پڑھے گی۔آؤ یہ کتاب رقم کریں،اسے رقم کرنے کے لئے اپنے اللہ سے رہنمائی لیں۔اپنے (ووٹرز)ہی اور ابلاغ کاروں کے تراشے ہوئے بت توڑ دیں۔آؤ!تقوی،نیکی ‘اخلاص،اہلیت اور دیانت ڈھونڈیں اور ڈھونڈ کر اسے عرش پر بٹھائیں اور بدی کو فرش پر دے ماریں۔
جاگ جاؤ پاکستانیو!اللہ ہمارے ساتھ ہے۔اللہ اکبر اللہ اکبر و اللہ الحمد!!!

یہ بھی پڑھیں