حضرت اقدس پیرو مرشد حفظہ اللہ کی خانقاہ میں حاضر ہوا تو ایسے محسوس ہوا کہ جیسے نورانی شعاعوں نے چاروں طرف سے گھیرلیا ہو،ہاں!اللہ والوں کی مجالس ایسی ہی ہوا کرتی ہیں،مجھے وہ دن بھی یاد ہیں کہ جب یہ خاکسار اللہ پاک کی توفیق سے ولی کامل شیخ الحدیث حضرت اقدس مفتی ولی حسن ٹونکی،فقیہ العصر حضرت مولانا مفتی رشید احمد لدھیانوی ؒاور شیخ العرب والعجم حضرت اقدس مولاناحکیم محمد اختر نور اللہ مرقدہ ؒکی نورانی ،ایمانی مجالس میں شریک ہواکرتا تھا،وہی ایمانی حلاوت پیرو مرشد کی خانقاہ میں محسوس ہوئی تو دل جھوم جھوم اٹھا،حضرت اقدس پیرومرشد فرزندان توحیدسے مخاطب تھے ،اللہ تعالیٰ امت مسلمہ پر رحم فرمائے۔ اللہ کے بندو!کیا کوئی مسلمان بھی بےنمازی ہو سکتا ہے؟ وہ دیکھوبازار بھرے پڑے ہیں اور مسجد آنسو بہا رہی ہے، یا اللہ یہ سب کچھ ہماری آنکھیں دیکھ رہی ہیں اذان ہوگئی مگر مسلمان نماز کے لئے نہیں آرہے۔ یہ کیسے ممکن تھا؟ مگر معاملہ تو بہت خطرناک ہوتا جارہا ہے مسلمان مالک اور آفیسر اپنے ملازموں کو نماز سےروک رہے ہیں کہ کاروبار خراب نہ ہوجائے اسکولوں والےطلبہ کو نماز سے روک رہےہیں کہ تعلیم خراب نہ ہوجائے لعنت ہوایسےکاروبارپر اور ایسی تعلیم پر نماز چھوڑنا تو کفر ہے جی ہاں عملی کفر رسول پاک ﷺ کے زمانے میں منافقوں کو بھی نماز میں آنا پڑتا تھا کیونکہ نماز کے بغیر کسی کے مسلمان ہونے کا دعویٰ قبول نہیں کیا جاتا تھا ۔
مشہور تابعی حضرت عبداللہ بن شقیق فرماتے ہیں کہ حضرات صحابہ کرام نماز چھوڑنے کو کفرسمجھتے تھے۔ پھر یہ سب کچھ کیا ہے؟ حکمران بےنمازی، مگر اسلام کے اونچے اونچے دعوے لیڈر بےنمازی، رہنما بےنمازی، فوج اور پولیس بے نمازی،مگر ان سب کو گمان ہے کہ وہ اونچی نسل کے مسلمان ہیں،اذان ہو جاتی ہے مگر اسے سن کر’’صاحب‘‘کی میٹنگ برخواست نہیں ہوتی ہائے میرےمالک نمازجیسے اسلام کے ’’رکنِ اعظم‘‘ کی یہ بےحرمتی قرآن پاک سمجھاتا ہے کہ شیطان تمہیں نمازسےروکنا چاہتا ہے جی ہاں شیطان اور اس کے چیلے انسان ہوں یا جن مسلمانوں کو نماز سے روکتے ہیں کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ نماز سے ایمان نصیب ہوتا ہے اور ایمان سے جنت اور کامیابی ملتی ہے جبکہ شیطان کا مشن ہی یہ ہے کہ مسلمان ناکام ہو جائے،انسان برباد ہو جائے۔ اللہ کے بندو!شیطان تو پوری محنت سے اپنا کام کر رہا ہے لوگوں کو نماز سے روک رہا ہے ظالم اتنا بوڑھا ہو کر بھی نہیں تھکتا اور اپنا کام اتنا پھیلا کر بھی آرام نہیں کرتا تو پھر اللہ پاک کے بندے دین کی دعوت دینے میں محنت کیوں نہیں کر رہے۔ وہ کیوں اتنا جلدی تھک جاتے ہیں وہ دیکھو! میرے آقا ﷺ کی امت میں کتنی تیزی سےکفر اور ارتداد پھیل رہا ہے کوئی ہے اس دردناک صورتحال پر رونے اور تڑپنے والا؟ اللہ کے بندو!جب نماز نہیں ہوگی تو ایمان کتنے دن سلامت رہے گا؟ بغیر ستون کے عمارت؟ بغیر سر کےجسم؟ بےنمازی بہت جلدی کفر کا شکار ہو جاتا ہے، بےنمازی کادل ایک درندے کے دل سے زیادہ حریص اور زیادہ ظالم ہو جاتا ہے۔ بے نمازی خود کو مسلمان کہہ کر کس بے دردی سے اسلام کا مذاق اڑاتے ہیں کس بے دردی سے مسلمانوں کو قتل کرتے ہیں اور کس بے حیائی سے کھلم کھلا گناہ کرتے ہیں اللہ کے بندو!اس امت کو بچانا ہے تو اسے نماز پراور جہاد پر لانا ہوگا ورنہ کچھ پتہ نہیں چلے گا کہ کون اپنا ہے اور کون غیروں کا ایجنٹ، آج کی بے نور عورتوں کو نماز کا نور ملےگا تو مسلمان کے حالات میں بہتری آئے گی ورنہ تو یہ غافل اور حریص عورتیں ہر کفر کو ہمارے گھر کے دروازے تک لے آئیں گی زیادہ سے زیادہ مسلمان مردوں اور عورتوں تک اللہ تعالیٰ کا پیغام پہنچا دو یہ پیغام رسول ِ کریمﷺپر یوں نازل ہوا کہ ’’میرے ایمان والے بندوں سےکہہ دو کہ نماز قائم کریں‘‘ دیکھو، دیکھو رب تعالیٰ کتنے پیار سے اپنے بندوں کو نماز کا حکم فرما رہا ہے۔
ذرا قرآن پاک میں نماز والی آیات تو پڑھ کر دیکھو اور پیارے آقا مدنی ﷺ نے تو آخر وقت تک اپنی امت کو نماز کی طرف بلایا ’’نماز کے بارے میں اللہ تعالیٰ سے ڈرو، نماز کے بارے میں اللہ تعالیٰ سے ڈرو، نماز کے بارے میں اللہ تعالیٰ سے ڈرو‘‘(الحدیث) اے مسلمانو!اے نماز ادا کرنے والو! آپ سب مرد اور عورتیں اس مہم میں شامل ہوجائیں نماز کو اپنی زندگی کا سب سے اہم کام بنالیں،نماز کو سنت کے مطابق خشوع سےادا کرنے کی پوری زندگی محنت کریں اپنی اولاد کو نماز پر لگائیں کھانےپینے اورسونے کے اوقات کی ترتیب نماز کا خیال رکھ کر بنائیں نوکری ، ملازمت، کاروبار میں نماز کو معیار بنا کر ترتیب بنائیں،رشتے دیں یا لیں نماز کو سب سے پہلے دیکھیں دوستی کرنی ہو یا ملازم رکھنا ہو سب سے پہلے نماز کو دیکھیں پوری زندگی اپنی نگرانی کریں کہ نماز کیسی جارہی ہے جب بھی سستی، غفلت یا کمی محسوس ہو تو فوراً ڈر جائیں کہ بیماری لگ چکی ہے ایمان خطرے میں ہے، تب اس طرح محنت سے اپنا علاج کریں جس طرح کینسر کا مالدار مریض کرتا ہے اے مسلمانو! نماز سے محروم ہونا کینسر سے بہت زیادہ خطرناک ہے روزآنہ کسی نہ کسی کو نماز کی دعوت دیں۔
یہ امت بہت اونچے کام کے لیے آئی ہے اس کام کا اہل بننے کے لئے اسے اپنی نماز اور اپنے جہاد کو پختہ کرنا ہوگا۔ اللہ تعالیٰ قبول فرمائے قرآنِ پاک تو سب کے لیے نازل ہواہے ہر مسلمان کی ذمہ داری ہےکہ وہ معلوم کرےکہ قرآن پاک نےاسے کیاسمجھایاہے افسوس کہ آج مسلمان قرآنِ پاک سے غافل ہو رہے ہیں قرآن پاک نے نماز کا حکم بھی بہت تاکید سے دیا ہے اور نماز کے فوائد کھول کھول کر بیان فرمائے ہیں۔