انسانی تاریخ کے ہر دور میں کچھ شخصیات ایسی ابھری ہیں جنہوں نے اپنے بے مثال کردار، لازوال پیغام اور آفاقی کشش کی بدولت سب پر فوقیت حاصل کی۔ ان ہستیوں میں کوئی بھی شخصیت حضرت محمد مصطفی ﷺ سے زیادہ مقدس اور محترم نہیں، جنہیں دنیا بھر میں ایک ارب سے زائد مسلمان دل کی گہرائیوں سے عزیز رکھتے ہیں۔ آپ ﷺ نہ صرف اسلام میں سلسلہ نبوت کی آخری کڑی ہیں بلکہ رحمت، عدل اور اخلاقی عظمت کی علامت بھی ہیں۔ قرآنِ مجید گواہی دیتا ہے:
محمد تمہارے مردوں میں سے کسی کے والد نہیں ہیں، لیکن وہ اللہ کے رسولؐ اور خاتم النبیین ہیں، اور اللہ ہر چیز کا خوب علم رکھنے والا ہے۔ (سورۃ الاحزاب، 33:40)
نبوت کا یہ خاتمہ محض ایک عقیدہ نہیں بلکہ اسلام کی بنیاد ہے، اور اس کا انکار درحقیقت اسلام کا انکار ہے۔ مسلمانوں کے دلوں میں نبی کریم ﷺ کے لئے جو بے پناہ عقیدت و محبت پائی جاتی ہے، وہ براہِ راست خدائی احکامات کا نتیجہ ہے۔ قرآنِ کریم میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:
ہم نے تمہیں گواہ، خوشخبری سنانے والا اور ڈرانے والا بنا کر بھیجا تاکہ تم لوگ اللہ اور اس کے رسول پر ایمان لاؤ، اور نبی کی عزت کرو، ان کی مدد کرو، اور صبح و شام ان کی تعظیم کرو۔ (سورۃ الفتح، 48:8)
یہ صرف روحانی تعلق نہیں بلکہ اطاعت، محبت، اور آپ ﷺ کے نام و پیغام کے دفاع میں جڑوں تک پیوست ایک رشتہ ہے۔ متعدد احادیث اس عظیم احترام کو مزید اجاگر کرتی ہیں۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:
تم میں سے کوئی اس وقت تک کامل مومن نہیں ہو سکتا جب تک کہ میں اسے اس کے والد، اس کی اولاد اور تمام انسانوں سے زیادہ محبوب نہ ہو جاؤں۔ (بخاری)
آپ ﷺ کے صحابہ کرام ؓنے اس محبت کو اپنے عمل سے ثابت کیا۔ وہ آپ ﷺ کے دفاع میں اپنی جانیں قربان کرنا سب سے بڑا اعزاز سمجھتے تھے۔ جب کبھی کسی دشمن نے نبی کریم ﷺ کی شان میں گستاخی کی، تو صحابہ کرامؓ نے انتہائی غیرت مندانہ اور مضبوط ردِعمل دیا، جو ان کی آپ ﷺ کی حرمت و عظمت سے بے پناہ وابستگی کو ظاہر کرتا تھا۔
حضرت محمد ﷺ کے غیر معمولی کردار کا اعتراف صرف اسلامی دنیا تک محدود نہیں رہا۔ بہت سے غیر مسلم مورخین، فلاسفرز اور مذہبی مفکرین نے بھی آپ ﷺ کی عظمت کو تسلیم کیا ہے۔ معروف برطانوی دانشور جارج برنارڈ شا نے ایک مرتبہ کہا:
انہیں انسانیت کا نجات دہندہ کہا جانا چاہیے۔ میرا یقین ہے کہ اگر ان جیسے شخص کو آج کی دنیا کی قیادت مل جائے، تو وہ دنیا کے مسائل کو اس انداز میں حل کرے گا جو امن اور خوشی کا ضامن ہوگا۔ اسی طرح مشہور امریکی مصنف مائیکل ایچ ہارٹ نے اپنی کتاب ’’دی ہنڈرڈ‘‘ میں حضرت محمد ﷺ کو تاریخ کی سب سے مؤثر شخصیت قرار دیا اور اس کی وجہ آپ ﷺ کی دینی و دنیاوی دونوں میدانوں میں بے مثال کامیابی کو بتایا۔
مزید برآں، مختلف مذاہب کی آسمانی کتابیں اور روایات ، اگرچہ صراحت کے ساتھ حضرت محمد ﷺ کا نام نہیں لیتیں، لیکن بالواسطہ طور پر آپ ﷺ کی آمد اور صفات کی پیش گوئی کرتی ہیں۔ مسیحی روایات میں انجیل یوحنا (باب 14:16، 15:26، اور 16:7) میں مذکور ’’پیراکلیٹ‘‘ یا ’’تسلی دینے والا‘‘ کے حوالے کو بہت سے محققین حضرت محمد ﷺ کی پیش گوئی قرار دیتے ہیں، خاص طور پر جب اس لفظ کے اصل یونانی مفہوم کا تجزیہ کیا جائے۔ یہودی صحیفے استثناء 18:18 میں لکھا ہے:
’’میں ان کے بھائیوں میں سے تیرے مانند ایک نبی ان کے لیے اٹھاؤں گا، اور اپنا کلام اس کے منہ میں رکھوں گا۔‘‘
اسلامی علماء اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہیں کہ حضرت محمد ﷺ، جو حضرت اسماعیل علیہ السلام کی نسل سے تھے، اس پیش گوئی کے مصداق ہیں کیونکہ آپ ﷺ بنی اسرائیل سے نہیں بلکہ ان کے بھائیوں یعنی بنی اسماعیل سے تعلق رکھتے تھے، اور حضرت موسیٰ علیہ السلام کی طرح شریعت لے کر آئے اور ایک قوم کی قیادت فرمائی۔
ہندو مذہبی کتب میں بھی ایسے حوالے موجود ہیں جنہیں بعض محققین آخری نبی کی پیش گوئی سے تعبیر کرتے ہیں۔ قدیم سنسکرت مذہبی کتاب بھوِشیہ پران میں ایک شخصیت ’’مہامدا‘‘ کا ذکر ملتا ہے، جو ایک غیر ملکی سرزمین میں اصلاحات لائیں گے اور سچائی کا پرچار کریں گے۔
(جاری ہے)