Search
Close this search box.
جمعرات ,02 جولائی ,2026ء

یورپ کی بدلتی امیگریشن پالیسی

یورپ کی سیاست میں بعض اوقات ایسے فیصلے بھی ہوتے ہیں جو ابتدا میں متنازع، غیر مقبول اور غیر معمولی تصور کیے جاتے ہیں، لیکن وقت گزرنے کے ساتھ وہی فیصلے نئی پالیسیوں کی بنیاد بن جاتے ہیں۔ امیگریشن کے معاملے میں آج ڈنمارک کی مثال اسی حقیقت کی عکاسی کرتی ہے۔ چند برس پہلے تک جس ملک کو انسانی حقوق کے حلقے سخت ترین امیگریشن پالیسیوں کا علمبردار قرار دیتے تھے، آج اسی کے کئی نظریات اور اقدامات یورپی یونین کی اجتماعی حکمت عملی کا حصہ بنتے دکھائی دے رہے ہیں۔ یہ تبدیلی صرف ایک ملک کی کامیابی یا ناکامی کی کہانی نہیں بلکہ یورپ کی سیاسی سوچ میں آنے والی گہری تبدیلی کا اظہار ہے۔
2015 ء کا مہاجرین کا بحران یورپی تاریخ کا ایک ایسا موڑ ثابت ہوا جس نے پورے براعظم کی سیاست، معیشت اور سماجی ڈھانچے کو متاثر کیا۔ شام، افغانستان، عراق اور افریقہ کے مختلف ممالک سے لاکھوں افراد یورپ پہنچے۔ ابتدا میں انسانی ہمدردی کے جذبے کے تحت کئی ممالک نے اپنے دروازے کھولے، مگر جیسے جیسے مہاجرین کی تعداد میں اضافہ ہوا، ویسے ویسے عوامی خدشات، سیاسی اختلافات اور معاشرتی مسائل بھی شدت اختیار کرتے گئے۔ یورپ کو یہ احساس ہونے لگا کہ اگر امیگریشن کے نظام کو زیادہ مثر، منظم اور قابلِ عمل نہ بنایا گیا تو اس کے دور رس نتائج پورے براعظم کو متاثر کریں گے۔
اسی ماحول میں ڈنمارک نے ایک مختلف راستہ اختیار کیا۔ اس نے واضح طور پر یہ مقف اپنایا کہ پناہ کا حق مستقل رہائش کی ضمانت نہیں بلکہ ایک عارضی انسانی سہولت ہے، جو حالات بہتر ہونے پر ختم بھی ہو سکتی ہے۔ مستقل رہائش اور شہریت کے قوانین سخت کیے گئے، سماجی مراعات کو روزگار اور سماجی انضمام سے مشروط کیا گیا اور یہ پیغام دیا گیا کہ ڈنمارک صرف ان افراد کو مستقل جگہ دینا چاہتا ہے جو واقعی معاشرے کا ذمہ دار اور فعال حصہ بن سکیں۔ اس وقت ان اقدامات کو انسانی حقوق کے علمبردار حلقوں کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا، مگر ڈنمارک کی حکومت نے داخلی سیاسی حمایت کی بنیاد پر اپنی پالیسی جاری رکھی۔
آج جب یورپی یونین اپنے نئے مائیگریشن اینڈ اسائلم پیکٹ پر عمل درآمد کی طرف بڑھ رہی ہے تو اس میں وہی بنیادی تصورات نمایاں دکھائی دیتے ہیں جن کی ابتدا ڈنمارک نے برسوں پہلے کی تھی۔ سرحدوں پر فوری جانچ، پناہ کی درخواستوں پر تیز رفتار فیصلے، غیر قانونی طور پر مقیم افراد کی واپسی کے مثر انتظامات اور بیرونی سرحدوں کے سخت تحفظ جیسے اقدامات اس بات کا ثبوت ہیں کہ یورپ اب غیر منظم ہجرت کے بجائے کنٹرولڈ اور ضابطہ بند امیگریشن کو ترجیح دے رہا ہے۔
اس پالیسی کی تبدیلی کو صرف امیگریشن تک محدود نہیں سمجھنا چاہیے۔ درحقیقت یہ یورپ کی داخلی سیاست میں رونما ہونے والی ایک بڑی تبدیلی کا نتیجہ بھی ہے۔ تقریبا تمام یورپی ممالک میں دائیں بازو کی جماعتوں نے گزشتہ چند برسوں کے دوران عوامی حمایت میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔ ان جماعتوں نے غیر قانونی امیگریشن، سرحدی سلامتی، قومی شناخت اور فلاحی ریاست پر بڑھتے ہوئے مالی بوجھ کو اپنے سیاسی بیانیے کا مرکز بنایا۔ روایتی جماعتیں، جو پہلے نسبتا نرم مقف رکھتی تھیں، اب عوامی دبا کے باعث اپنے مقف میں تبدیلی پر مجبور دکھائی دیتی ہیں۔ یوں وہ خیالات جو کبھی انتہا پسندانہ قرار دیے جاتے تھے، اب مرکزی سیاسی دھارے کا حصہ بنتے جا رہے ہیں۔
تاہم تصویر کا دوسرا رخ بھی اتنا ہی اہم ہے۔ یورپ کو اپنی معیشت کے لیے لاکھوں ہنر مند افراد کی ضرورت ہے۔ آبادی کے بڑھتے ہوئے عمرانی مسائل، کم ہوتی شرح پیدائش اور کئی شعبوں میں افرادی قوت کی کمی ایسی حقیقتیں ہیں جنہیں نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ اسی لیے یورپی ممالک ایک طرف غیر قانونی ہجرت کو محدود کرنا چاہتے ہیں، تو دوسری طرف قانونی اور مہارت پر مبنی امیگریشن کے دروازے کھلے رکھنا بھی ان کی معاشی ضرورت ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سختی کا اصل مرکز غیر قانونی داخلہ اور بے بنیاد پناہ کی درخواستیں ہیں، جبکہ تعلیم، تحقیق، سرمایہ کاری اور مہارت رکھنے والے افراد کے لیے قانونی راستے اب بھی موجود ہیں، اگرچہ ان میں بھی معیار اور شرائط پہلے سے زیادہ سخت ہوتی جا رہی ہیں۔
یہ تمام تبدیلیاں جنوبی ایشیاء کے ان لاکھوں افراد کے لیے بھی اہم ہیں جو یورپ میں بہتر مستقبل کی امید رکھتے ہیں۔ پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش اور دیگر ممالک کے نوجوانوں کو اب یہ حقیقت سمجھنی ہوگی کہ یورپ میں کامیابی کا راستہ صرف قانونی ذرائع، اعلیٰ تعلیم، پیشہ ورانہ مہارت اور مقامی قوانین کی مکمل پابندی سے ہی ممکن ہے۔ غیر قانونی ہجرت، انسانی اسمگلروں کے جھانسے اور بے بنیاد پناہ کی درخواستوں کا دور تیزی سے ختم ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔
انسانی حقوق کی تنظیموں کی تشویش بھی اپنی جگہ قابلِ غور ہے۔ ان کا موقف ہے کہ سرحدی تحفظ کے نام پر کہیں ایسا نہ ہو کہ واقعی ظلم و ستم سے فرار ہونے والے افراد کے بنیادی حقوق متاثر ہوں۔ یہ خدشہ بے بنیاد نہیں، کیونکہ تاریخ گواہ ہے کہ سکیورٹی اور انسانی آزادی کے درمیان توازن برقرار رکھنا ہمیشہ ریاستوں کے لئے ایک مشکل امتحان رہا ہے۔ یورپ کو بھی آئندہ برسوں میں اسی امتحان سے گزرنا ہوگا۔
حقیقت یہ ہے کہ امیگریشن کے مسئلے کا کوئی ایک اور آسان حل موجود نہیں۔ یورپ کو اپنی سرحدوں کا تحفظ بھی درکار ہے، اپنی معیشت کے لئے افرادی قوت بھی چاہیے اور انسانی حقوق کے عالمی معاہدوں کی پاسداری بھی کرنی ہے۔ ان تینوں تقاضوں کے درمیان توازن ہی اس کی اصل کامیابی کا معیار ہوگا۔
بظاہر یہ کہا جا سکتا ہے کہ یورپ ایک نئے امیگر یشن دور میں داخل ہو چکا ہے، جہاں جذبات کے بجائے ریاستی مفادات، داخلی سلامتی اور معاشی ضروریات کو زیادہ اہمیت دی جا رہی ہے۔ ڈنمارک نے اس تبدیلی کا آغاز شاید سب سے پہلے کیا تھا، مگر اب یہ سوچ صرف کوپن ہیگن تک محدود نہیں رہی بلکہ برسلز کی پالیسی سازی پر بھی اس کے اثرات واضح طور پر محسوس کئے جا سکتے ہیں۔ آنے والے برس یہ طے کریں گے کہ یہ نئی حکمت عملی یورپ کو زیادہ محفوظ، منظم اور مستحکم بناتی ہے یا پھر اسے نئی سماجی اور سیاسی آزمائشوں سے دوچار کرتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں