دنیا کی معیشت بظاہر وسیع اور طاقتور دکھائی دیتی ہے لیکن یہ ایک ایسے مربوط نظام کی شکل اختیار کرچکی ہے جہاں کسی ایک خطے میں پیدا ہونے والی ہلچل دور دراز ملکوں تک محسوس کی جاتی ہے۔ مشرق وسطیٰ میں ایران کے گرد ابھرنے والا حالیہ جنگی بحران بھی اسی نوعیت کا ایک واقعہ ہےجس کے اثرات اب صرف خطے تک محدود نہیں رہے بلکہ عالمی معیشت کے مختلف شعبوں میں نمایاں طور پر محسوس کیے جا رہے ہیں۔ امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے ساتھ بڑھتی ہوئی عسکری کشیدگی نے عالمی اقتصادی فضا میں ایک ایسی ہلچل پیدا کر دی ہے جس نے توانائی، تجارت اور مالیاتی منڈیوں کو واضح طور پر متاثر کیا ہے۔اس بحران کا سب سے فوری اور نمایاں اثر عالمی توانائی کی منڈیوں میں دیکھاجا رہا ہےکیونکہ مشرق وسطیٰ دنیا کی توانائی کا مرکز رہا ہے اور ایران اس خطے کی ایک اہم توانائی طاقت کے طور پرجانا جاتا ہے۔ جنگی صورتحال کے باعث عالمی تیل کی منڈیوں میں پیدا ہونے والے اضطراب سے قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنےمیں آیا ہے،گزشتہ ہفتوں کے دوران عالمی منڈی میں خام تیل اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہونے والا ہوشربا اضافہ اس امر کی واضح علامت ہے کہ جنگی کشیدگی نے توانائی کی سپلائی اور اس کے تحفظ کے حوالے سے خدشات کو بڑھا دیا ہے۔توانائی کی قیمتوں میں اس اضافے سے دنیا بھر میں مہنگائی کا دباؤ بھی بڑھا ہے اور مہنگے ایندھن کا یہ اثر صرف ٹرانسپورٹ تک محدود نہیں رہتا بلکہ صنعتی پیداوار، زرعی لاگت اور روزمرہ استعمال کی اشیا پر بھی اثرانداز ہوتا ہے۔ اسی وجہ سے مختلف ممالک میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ دیکھاجا رہا ہےجس نے عام صارفین کے گھریلو بجٹ کو تلپٹ کر کے رکھ دیا ہے،یوں ایک علاقائی جنگی بحران کے معاشی اثرات عالمی سطح پر عام شہریوں کی زندگیوں میں بھی محسوس کیے جا رہے ہیں۔مالیاتی منڈیوں نے بھی اس صورتحال پر فوری ردعمل ظاہر کیا ہے،عالمی اسٹاک مارکیٹوں میں غیر یقینی کیفیت پیدا ہو چکی ہے اور سرمایہ کار محتاط رویہ اختیار کر رہے ہیں۔ کئی بڑے مالیاتی مراکز میں حصص بازاروں نے اتار چڑھاؤ ہے جبکہ سرمایہ محفوظ سرمایہ کاری کے ذرائع کی طرف منتقل ہو رہا ہے۔ سونے جیسی محفوظ سمجھی جانے والی سرمایہ کاری میں بڑھتی ہوئی دلچسپی اسی رجحان کی عکاس ہے۔
عالمی تجارت بھی اس بحران کے اثرات سے محفوظ نہیں رہی۔ خلیج فارس اور آبنائے ہرمز جیسے اہم سمندری راستے عالمی توانائی کی ترسیل کے لیے غیر معمولی اہمیت رکھتے ہیں،حالیہ کشیدگی کی وجہ سے جہاز رانی کی صنعت کو اضافی خطرات اور اخراجات کا سامنا ہے۔ متعدد بین الاقوامی شپنگ کمپنیوں نے اپنے انشورنس اخراجات میں اضافہ کردیا ہے کچھ راستوں پر نقل و حمل کے شیڈول بھی متاثر ہوئے ہیں لہذا عالمی سپلائی چین پر اضافی دباؤ بڑھ گیاہے۔اس کے ساتھ ہی فضائی صنعت بھی اس بحران سے متاثر ہوئی ہے۔ مشرق وسطیٰ کیونکہ عالمی فضائی راستوں کا ایک اہم مرکزبھی ہے تو کئی فضائی کمپنیوں کو اپنے پروازوں کے راستے تبدیل کرنا پڑے ہیں۔ اس تبدیلی سے ایندھن کے اخراجات اور آپریشنل لاگت بھی بڑھی ہے بلکہ اس کے اثرات فضائی سفر کے کرایوں اور سیاحت کی صنعت پر بھی مرتب ہوئے ہیں مہنگائی کے عالمی دباؤ کے تناظر میں یہ صورتحال مزید پیچیدہ ہو گئی ہے۔
گزشتہ دو برسوں میں دنیا مہنگائی کی ایک مشکل لہر سے گزر چکی ہے اور متعدد ممالک کے مرکزی بینک اس دباؤ کو کم کرنے کی پیہم کوشش کر رہے تھے تاہم مشرقِ وسطیٰ میں پیدا ہونے والے اس نئے بحران نے توانائی اور ترسیل کی لاگت بڑھا کر مہنگائی کے خدشات کو دوبارہ زندہ کر دیا ہے۔ یوں عالمی معیشت ایک بار پھر ایسے مرحلے میں داخل ہوتی دکھائی دے رہی ہےجہاں اقتصادی استحکام برقرار رکھنا مزید دشوار ہو سکتا ہے۔اسی طرح کرنسی مارکیٹوں کی صورتحال بھی ڈانواں ڈول ہے، عالمی سرمایہ کار خطرات سے بچنے کے لیے محفوظ معیشتوں اور مضبوط کرنسیوں کا رخ کر رہے ہیں اور کئی ترقی پذیر ممالک کی کرنسیاں دباؤ کا شکار ہیں۔ عالمی مالیاتی توازن میں بےیقینی کے یہ اثرات آئندہ مہینوں میں مزید واضح ہو سکتے ہیں۔
ترقی پذیر ممالک کے لیے یہ بحران نسبتاً زیادہ بڑا جھٹکا محسوس ہو رہا ہے۔ ان معیشتوں کی بڑی تعداد کیونکہ توانائی کی درآمدات پر انحصار کرتی ہے اور ان کے مالی وسائل پہلے ہی محدود ہیں لہذا توانائی کی قیمتوں میں اضافہ اور عالمی مالیاتی دباؤ ان ممالک کے اقتصادی استحکام کو بری طرح متاثر کر رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کئی ممالک کے پالیسی ساز اب اس بحران کے معاشی اثرات سے نمٹنے کے لیے نئے اقدامات پر غور کر رہے ہیں۔پاکستان بھی ان ممالک میں شامل ہے جہاں اس صورتحال کے اثرات واضح طور پر محسوس کیے جا رہے ہیں۔ عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے نے پاکستان کے درآمدی بل پر براہ راست اثر ڈالا ہے جس سے مہنگائی کے دباؤ میں اضافہ ہوا ہے جبکہ توانائی کے شعبے پر مالی بوجھ بھی بڑھا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ عالمی مالیاتی منڈیوں میں پیدا ہونے والی غیر یقینی صورتحال نے بیرونی سرمایہ کاری اور اقتصادی منصوبہ بندی کو بھی متاثر کیا ہے۔ یوں مشرق وسطیٰ میں جاری اس بحران کے اثرات پاکستان کی معیشت اور عام شہری کی زندگی تک پہنچ چکے ہیں۔عالمی معیشت کے موجودہ حالات نے ہمیں یہ باور کرا دیا ہے کہ جدید دنیا میں جنگیں صرف میدان جنگ تک محدود نہیں رہتیں بلکہ ان کے اثرات توانائی کی قیمتوں، تجارت کے راستوں، مالیاتی منڈیوں اور عام لوگوں کی معاشی زندگی تک پھیل جاتے ہیں لہذا موجودہ بحران کو محض ایک علاقائی تنازع سمجھنا درست نہیں ہوگا۔سوال صرف یہ نہیں کہ اس جنگی کشیدگی کا عسکری یا سیاسی انجام کیا ہوگا، اصل مسئلہ یہ ہے کہ اس کے معاشی اثرات دنیا کی معیشت کو کس حد تک متاثر کرسکتے ہیں۔ اگر اس جنگ کو بروقت بند نہ کروایا گیا تو عالمی معیشت پر اس کے اثرات مزید گہرے ہو سکتے ہیں اور دنیا کو معاشی سطح پر ایسے نقصانات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جن کی قیمت آنے والے برسوں تک ادا کرنا پڑے گی۔
اسی تناظر میں اقتصادی ماہرین کا خیال ہے کہ اگر خطے میں کشیدگی طویل عرصے تک برقرار رہی تو اس کے اثرات صرف توانائی اور تجارت تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ عالمی سرمایہ کاری کے رجحانات، صنعتی پیداوار اور ترقیاتی منصوبوں پر بھی اثر انداز ہو سکتے ہیں۔ سرمایہ کار عمومی طور پر ایسے حالات میں محتاط رویہ اختیار کرتے ہیں اور بڑی سرمایہ کاری کے فیصلوں کو مؤخر کر دیتے ہیں جس سے عالمی اقتصادی سرگرمیوں کی رفتار سست پڑ سکتی ہے۔ اس کا سب سے زیادہ اثر ان معیشتوں پر پڑتا ہے جو پہلے ہی ترقی کے نازک مرحلے سے گزر رہی ہوتی ہیں۔اس کے ساتھ ساتھ یہ بحران عالمی سطح پر توانائی کے متبادل ذرائع کے حوالے سے جاری بحث کو بھی مزید تقویت دے سکتا ہے۔ کئی ممالک پہلے ہی قابلِ تجدید توانائی کے منصوبوں پر توجہ دے رہے ہیں تاکہ مستقبل میں ایسے جغرافیائی تنازعات کے معاشی اثرات کو کم کیا جا سکے۔ تاہم توانائی کے اس بڑے عمل میں ابھی وقت درکار ہے اور اس دوران دنیا کو روایتی توانائی کے ذرائع پر ہی انحصار کرنا پڑے گا۔
بالآخر حقیقت یہی ہے کہ عالمی امن اور معاشی استحکام ایک دوسرے سے گہرا تعلق رکھتے ہیں۔ جب بھی کسی خطے میں جنگ کے بادل منڈلاتے ہیں تو اس کے اثرات سرحدوں سے بہت آگے تک محسوس کیے جاتے ہیں۔عالمی برادری کے لیے ضروری ہے کہ وہ سفارتی کوششوں کو تیز کرے اور ایسے تنازعات کو پھیلنے سے روکنے میں سنجیدہ کردار ادا کرے کیونکہ ایک غیر مستحکم دنیا نہ صرف سیاسی طور پر بلکہ معاشی طور پر بھی سب کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔