تہذیبوں کے ارتقا میں اساطیر داستانیں اور تاریخی حکایات نسل در نسل منتقل ہوتی رہی ہیں، مگر قرآنِ کریم نے قصے اور داستان کو محض تفریح یا روایت کا ذریعہ نہیں بنایا بلکہ اسے ہدایت، بصیرت اور اخلاقی تربیت کا سرچشمہ کے طور پر پیش کیا ہے یہی وجہ ہے کہ قرآن کے قصص میں تاریخ کی خشک روداد کے بجائے زندگی کی معنویت، اخلاقی گہرائی اور ایمان کی روشنی جھلکتی ہے۔ قرآن جب انبیاء علیہ السلام کے واقعات بیان کرتا ہے تو اس کا مقصد ماضی کی یادداشتیں محفوظ کرنا نہیں ہوتا بلکہ انسان کے حال اور مستقبل کو سنوارنا ہوتا ہے۔ اسی حقیقت کو سورۂ یوسف کے اختتام پر نہایت بلیغ انداز میں بیان کیا گیا ہے:“لَقَدْ كَانَ فِي قَصَصِهِمْ عِبْرَةٌ لِأُولِي الْأَلْبَابِ”یعنی یقیناً ان کے قصوں میں اہلِ عقل کے لیے بڑی عبرت ہے۔یہ آیت دراصل قصص القرآن کی پوری فلسفیانہ بنیاد کو واضح کرتی ہے۔ قرآن کہتا ہے کہ ان واقعات میں عبرت ہے، مگر یہ عبرت ہر شخص کے لیے نہیں بلکہ” اولی الالباب”کے لیے ہے۔ یعنی وہ لوگ جو عقل و بصیرت رکھتے ہیں، جو واقعات کے ظاہر سے آگے بڑھ کر ان کے باطن تک میں جھانکنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔سورۂ یوسف کو قرآن نے خود “احسن القصص” یعنی بہترین قصہ قرار دیا ہے۔ اس قصے میں انسانی نفسیات، معاشرتی کشمکش، صبر واستقامت اور خدا کی حکمت کا ایسا حسین امتزاج ملتا ہے جو انسانی فکر کو جھنجھوڑ دیتا ہے۔ ایک طرف بھائیوں کا حسد ہے، دوسری طرف باپ کی محبت ایک طرف کنویں کی تاریکی ہے، دوسری طرف اقتدار کی روشنی؛ ایک طرف قید و بند کی آزمائش ہے، دوسری طرف عزت و وقار کی بلندی۔ یہ تمام مناظر انسانی زندگی کی علامت بن جاتے ہیں۔عبرت کا لفظ عربی زبان میں عبور کے مفہوم سے جڑا ہوا ہے یعنی کسی واقعہ کو دیکھ کر اس کے ظاہر سے آگے بڑھنا اور اس کے باطن تک پہنچ جانا۔ یہی اصل عبرت ہے۔ جو انسان محض واقعات سن کر گزر جائے وہ قصہ سننے والا تو ہوسکتا ہے مگر عبرت حاصل کرنے والا نہیں۔ قرآن اسی لیے کہتا ہے کہ “ان قصوں میں عبرت صرف اولی الالباب کے لیے ہے۔”قرآن کی اصطلاح اولی الالباب بھی نہایت گہری معنویت کی حامل ہے۔ اس سے مراد وہ لوگ ہیں جو عقل کے ساتھ دل کی بصیرت بھی رکھتے ہیں۔ جو زندگی کو محض ظاہری واقعات کے طور پر نہیں بلکہ ایک اخلاقی اور روحانی سفر کے طور پر دیکھتے ہیں۔ یہی وہ لوگ ہیں جو تاریخ کے واقعات میں خدا کی حکمت اور تقدیر کا راز تلاش کرتے ہیں۔سورۂ یوسف کا قصہ دراصل انسانی زندگی کی ایک تمثیل ہے۔ یوسف علیہ السلام کی زندگی میں ہمیں وہ تمام مراحل نظر آتے ہیں جن سے انسان اپنی زندگی میں گزرتا ہے۔ بچپن کی معصومیت، نوجوانی کی آزمائش، معاشرتی سازشیں، تنہائی کے لمحات اور اقتدار کی ذمہ داریاں سب کچھ اس قصے میں سمٹ آیا ہے مگر اس قصے کا سب سے بڑا سبق صبر اور اللہ کی ذات پر اعتماد اور بھروسہ ہے۔جب یوسف علیہ السلام کو کنویں میں ڈالا گیا تو بظاہر یہ ظلم اور ناانصافی کی انتہا تھی مگر یہی واقعہ آگے چل کر ان کے اقتدار کا پیش خیمہ بن گیا۔ گویا اللہ کی تدبیر انسانی تدبیروں سے کہیں زیادہ وسیع اور گہری ہوتی ہے۔ انسان سازش کرتا ہے مگر انجام خدا کے ہاتھ میں ہوتا ہے۔اسی طرح اس قصے کا ایک بڑا سبق حسد کی تباہی بھی ہے۔ یوسف علیہ السلام کے بھائیوں کا حسد انہیں اس حد تک لے گیا کہ انہوں نے اپنے ہی بھائی کو موت کے حوالے کرنے کا منصوبہ بنا لیا۔ یہ واقعہ انسانی نفسیات کا آئینہ ہے۔ حسد انسان کی بصیرت کو اندھا کر دیتا ہے اور اسے ظلم کی راہ پر ڈال دیتا ہےمگر سورۂ یوسف کا سب سے بلند منظر وہ ہے جب برسوں بعد وہی بھائی یوسف علیہ السلام کے سامنے کھڑے ہوتے ہیں اور اپنی خطا کا اعتراف کرتے ہیں۔ اس موقع پر یوسف علیہ السلام کے پاس بدلہ لینے کا مکمل اختیار تھا۔ وہ چاہتے تو انہیں سزا دے سکتے تھے، انہیں ذلت و رسوائی سے ہم کنارکر سکتے تھے یا ان کے ماضی کے جرم کو یاد دلا سکتے تھے مگر انہوں نے فرمایا:“لَا تَثْرِيبَ عَلَيْكُمُ الْيَوْمَ”آج تم پر کوئی ملامت نہیں۔یہ جملہ انسانی اخلاق کی معراج ہے۔ طاقت کے وقت معاف کرنا وہ وصف ہے جو صرف بڑے لوگوں کو نصیب ہوتا ہے۔ یہی وہ مقام ہے جہاں انسان کی روحانی عظمت ظاہر ہوتی ہے۔اسی اخلاقی عظمت کا مظاہرہ بعد میں نبی آخرالزمان صلی اللہ علیہ وآلہ نے اس وقت کیا جب مکہ فتح ہوا۔ وہی لوگ جنہوں نے آپ کو ستایا، جنگیں کیں اور آپ کو ہجرت پر مجبور کیا تھا، جب آپ کے سامنے کھڑے تھے تو آپ نے انہیں عام معافی دے دی۔ گویا سورۂ یوسف کی یہ آیت تاریخ میں دوبارہ زندہ ہوگئی۔یہی وہ مقام ہے جہاں قصص القرآن محض ماضی کا واقعہ نہیں رہتا بلکہ انسانی اخلاق کا زندہ نمونہ بن جاتا ہے۔ قرآن ہمیں بتاتا ہے کہ تاریخ کے یہ واقعات دراصل انسانی کردار کی تربیت کے لیے ہیں۔سورۂ یوسف کا قصہ ہمیں یہ بھی سکھاتا ہےکہ آزمائشیں دراصل انسان کی تعمیر کا ذریعہ ہوتی ہیں۔ کنواں ہو یا قید خانہ، ہر آزمائش انسان کو ایک نئے مقام تک پہنچاتی ہے۔ اگر انسان صبر اور تقویٰ کے ساتھ ان مراحل سے گزرے تو آخرکار عزت اور کامیابی اس کا مقدر بن جاتی ہے۔قرآن اسی لیے کہتا ہے کہ ان قصوں میں عبرت ہے۔ مگر یہ عبرت صرف انہی لوگوں کے لیے ہے جو زندگی کو سوچنے اور سمجھنے کا حوصلہ رکھتے ہیں۔ جو لوگ محض ظاہری واقعات تک محدود رہتے ہیں وہ قصہ تو سن لیتے ہیں مگر اس کا سبق نہیں سیکھتے۔آج کے دور میں جب انسان مادیت کی چکاچوند میں گم ہوچکا ہے اور تاریخ کو محض معلومات کا ذخیرہ گردانتا ہے، قرآن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ اصل اہمیت معلومات کی نہیں بلکہ بصیرت کی ہے۔ یہی بصیرت انسان کو ماضی کے واقعات سے مستقبل کی رہنمائی حاصل کرنے کے قابل بناتی ہے۔سورۂ یوسف کا قصہ دراصل انسان کو یہ پیغام دیتا ہے کہ زندگی کے اندھیرے مراحل سے گھبرانا نہیں چاہیے۔ اگر دل میں ایمان اور صبر ہو تو کنویں کی تاریکی بھی اقتدار کی روشنی میں بدل سکتی ہے۔ یہی وہ عبرت ہے جو قرآن ہمیں دینا چاہتا ہے، اور یہی وہ بصیرت ہے جو اولی الالباب کو نصیب ہوتی ہے۔