بیسویں اوراکیسویں صدی کی سیاسی تاریخ ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ طاقت کبھی بھی محض قوتِ فیصلہ کانام نہیں رہی؛بلکہ وہ اکثر اثر،دبا،اورپوشیدہ مفادات کا ایک پیچیدہ جال ہوتی ہے۔بعض اوقات ایسے واقعات سامنے آتے ہیں جن میں بڑے پیمانے پردستاویزات، تصاویریاشواہدکے دعوے کئے جاتے ہیں،ایسے دعوے جوبظاہرکسی فردکی ذاتی زندگی سے کہیں بڑھ کرایک وسیع ترنظامی بحران کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔لیکن یہاں احتیاط لازم ہے ہرچمکتی چیزسونانہیں ہوتی،اورہرسایہ حقیقت کاعکس نہیں ہوتا۔
یہ سوال کہ کوئی شخص اپنے مبینہ جرائم کااتناوسیع ریکارڈکیوں رکھے گا،بظاہرحیران کن ہے۔مگرتاریخ ہمیں یہ بھی بتاتی ہے کہ بعض اوقات طاقت کاکھیل صرف دولت یاعہدے سے نہیں کھیلاجاتا،بلکہ معلومات اوررازاس کھیل کی اصل کرنسی ہوتے ہیں جیساکہ ایک قدیم مقولہ ہے رازوہ تلوارہے جس کا دستہ دکھائی نہیں دیتا،مگروارگہراہوتاہے۔اسی تناظر میں، بعض مبصرین یہ مفروضہ پیش کرتے ہیں کہ طاقتور حلقوں کے مابین تعلقات محض رسمی یاسفارتی نہیں ہوتے،بلکہ ان میں ذاتی کمزوریوں،باہمی مفادات اوربعض اوقات دباکے عناصربھی شامل ہوسکتے ہیں۔ تاہم،ایک سنجیدہ تحقیقی ذہن کے لئے یہ ضروری ہے کہ وہ قیاس اورثبوت کے درمیان حد فاصل کوبرقرار رکھے۔اقوامِ متحدہ یاد یگر اداروں کی رپورٹس بھی اسی وقت معتبرہوتی ہیں جب وہ آزادانہ تحقیق،شفاف طریقہ کاراورقابلِ تصدیق شواہد پر مبنی ہوں۔
جہاں تک عالمی قیادت کے بعض فیصلوں کاتعلق ہے جوبظاہر عوامی مفادکے خلاف محسوس ہوتے ہیں تو یہ انسانی تاریخ کاایک پرانا المیہ ہے۔ جنگوں، پابندیوں، اور پالیسیوں کے پیچھے کارفرماعوامل اکثر کثیرالجہتی ہوتے ہیں۔ معاشی مفادات،جغرافیائی سیاست،داخلی دبائو ئو، اورنظریاتی وابستگیاں یہ سب مل کروہ تصویربناتے ہیں جوبظاہرسادہ نظرآتی ہے مگر حقیقت میں نہایت پیچیدہ ہوتی ہے۔جیساکہ کہاجاتا ہے دریاکی گہرائی کااندازہ کنارے سے نہیں ہوتا۔
یہ ہمارے عہدکاالمیہ بھی ہے اورامتیازبھی کہ ہم ایک ایسی دنیامیں سانس لے رہے ہیں جہاں معلومات کاسیلاب ہے مگریقین کی زمین بنجرہوتی جارہی ہے۔ تاریخ کے اوراق جب بھی کھلتے ہیں، توان میں انسانی عظمت کے ساتھ ساتھ انسانی کمزوری کی داستانیں بھی ثبت ہوتی ہیں۔ اقتدار کے ایوان جوبظاہرشیشے کے محل معلوم ہوتے ہیں، اکثراندرسے ایسے اسرارورموزسے بھرے ہوتے ہیں جنہیں دیکھ کر عقل دنگ رہ جاتی ہے۔ یہی وہ مقام ہے جہاں سوال جنم لیتاہے کیا اقتدار خود ایک امتحان ہے،یاایک فریب؟ہر روزکوئی نہ کوئی روایت ،کوئی دستاویز،یاکوئی ویڈیوسامنے آتی ہے جوبظاہر اقتدار کے ایوانوں کے پردے چاک کرتی ہے مگر سوال یہ ہے کہ کیاہرداستان اورانکشاف روشنی ہے، یاکبھی کبھی وہ خود ایک نیاسایہ بھی پیداکرتی ہے؟یہ محض ایک داستان نہیں؛یہ ہمارے عہد کاآئینہ ہے،ایک ایساآئینہ جس میں چہرے بھی نظرآتے ہیں اورنقاب بھی۔سوال یہ نہیں کہ ہم کیادیکھ رہے ہیں؛سوال یہ ہے کہ ہم کیاماننے کوتیارہیں؟
کبھی کبھارایسے دعوے سامنے آتے ہیں جن میں کہاجاتاہے جیفری ایپسٹین فائلزکسی خفیہ حقیقت کا ثبوت ہیں۔بادی النظرمیں ذہن پرایک ہیبت طاری ہوتی ہے ،گویاسچائی کا پہاڑ ہمارے سامنے کھڑاہو۔یہ مقدار ود یک دلیل معلوم ہوتی ہے گویا حجم ہی صداقت کامترادف ہو۔اگریہ دعوی درست ہو،تویہ محض ایک فردکی لغزش کاریکارڈنہیں بلکہ ایک وسیع ترنظام کی علامت بن جاتاہے،کیونکہ بعض اوقات اعدادوشمارکا ہجوم، استدلال کی کمزوری کو چھپانے کاہنربھی ہوتاہے مگریہاں سوال وہی ہے،کیا کثرتِ مواد، صداقت کی ضمانت ہے یا محض تاثرکی شدت؟
بعض اوقات بیانیے کی مہارت،ثبوت کی کثرت،صداقت کی ضمانت کی تحقیق بھی لازم ہے۔ یہاں سوال یہ نہیں کہ موادکتناہے،بلکہ یہ ہے کہ اس کی تصدیق کیسے ہوئی،اس کاماخذ کیا ہے،اوراس کی تشریح کس زاوئیے سے کی جارہی ہے۔کیایہ مواد آزادانہ طورپرتصدیق شدہ ہے؟ کیا اس کے ماخذ شفاف ہیں؟ اور کیا اس کی تعبیر غیرجانبدار ہے؟ جہاں ثبوت کاشور زیادہ ہو،وہاں سوال کی آوازاور بلندہونی چاہیے۔
یہ دعوے کہ دنیاکے بااثرحلقوں میں اخلاقی انحطاط اپنی انتہاکوپہنچ چکاہے،یقیناچونکادینے والے اورانسانیت کے ضمیرکوجھنجھوڑنے کے لئے کافی ہیں۔ ایسے بیانیوں میں اکثراخلاقی انحطاط،طاقت کے ناجائز استعمال،اورانسانی حقوق کی پامالی کے واقعات بیان کیے جاتے ہیں۔یہ موضوعات بذاتِ خودنہایت سنجیدہ ہیں اوردنیاکی تاریخ ان سے خالی نہیں۔ مگر ایک مہذب،ذمہ دارتجزیہ کارکے لئے ضروری ہے کہ وہ ثابت شدہ حقائق اورمبینہ دعوؤں کے درمیان واضح فرق قائم رکھے،تاکہ قاری جذباتی ہیجان کاشکارہونے کی بجائے فکری توازن برقراررکھ سکے اوروہ ہ دعوے کواس کے ماخذ،تحقیقاتی معیار،اورتصدیقی حیثیت کے ساتھ پرکھے ورنہ آگ کادھواں حقیقت اور افسانے کوایک ہی رنگ میں رنگ دیتاہے۔
لیکن یہاں ہمیں ایک نازک فرق کو سمجھنا ہو گا۔ انفرادی جرائم اوراجتماعی سازشیں دوالگ دائرے ہیں۔اگرتاریخ میں ظلم ہواہے،توانصاف بھی ہوا ہے، اگر اندھیرے ہیں،توروشنی کے چراغ بھی بجھے نہیں۔ مگرایک بیانیہ جوہرواقعے کوایک ہی عظیم سازش کے دھاگے میں پروناچاہتاہے،وہ اکثر پیچیدہ حقیقت کوسادہ کہانی میں بدل دیتاہے۔
(جاری ہے)