Search
Close this search box.
بدھ ,24 جون ,2026ء

مریم نواز اور شہباز شریف کی چین یاترا

وزیراعظم شہباز شریف اپنے دورہ چین کے دوسرے مرحلے میں گزشتہ روز تیانجن سے بذریعہ بلٹ ٹرین بیجنگ پہنچے۔ نیشنل پیپلز کانگریس کی اسٹینڈنگ کمیٹی کی رکن نے وزیراعظم کا استقبال کیا، وزیراعظم نے عالمی فاشزم کے خلاف جنگ کی 80 ویں سالگرہ تقریبات میں بھی شرکت کی۔ ان کی چینی صدر، وزیر اعظم اور دیگر عالمی رہنمائوں سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف چین پاکستان بزنس ٹو بزنس کانفرنس سے خطاب بھی کریں گے۔ پاکستان اور چین کے درمیان تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے لئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بھی کچھ عرصہ قبل چین کا دورہ کیا تھا، ان کے دورے کے جادوئی اثرات ظاہر ہونا شروع ہو گئے ہیں، امید ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کے دورے سے بھی ایسے ہی تیز رفتار ثمرات سامنے آئیں گے۔چین کو پاکستان کے ٹیکسٹائل سیکٹر میں اربوں کھربوں روپے کی سرمایہ کاری پر راغب کرنے کی مہم میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی کاوشوں سے بارش کا پہلا قطرہ گزشتہ ماہ ہی سامنے آ گیا ، چین کا بڑا کاروباری گروپ ’’چیلنج فیشن پرائیویٹ لمیٹڈ‘‘بنک آف پنجاب کی معاونت سے 15کروڑ ڈالر یعنی ساڑھے 42 ارب روپے سے زائد کی بھاری سرمایہ کاری سے پنجاب میں ایک بڑا گارمنٹس سٹی آباد کرکے آغاز سفر کرنے جا رہا ہے، پاکستان کے ٹیکسٹائل سیکٹر میں چین کی بھاری سرمایہ کاری کے دعوے اب تک زبانی جمع خرچ تھے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اس حوالے سے پہلا عملی قدم اٹھا کر یوم آزادی پر جس تاریخی سفر کا آغاز کیا، اسے ہم پنجاب کے عوام کو عید آزادی کی ’’عیدی‘‘بھی قرار دے سکتے ہیں،پنجاب کی اس بہادر بیٹی نے جس جوانمردی سے اپنے والد اور چچا کی بطور وزیر اعلیٰ پنجاب قائم کی ہوئی روایات کو آگے بڑھایا ہے وہ جذبہ اور وہ رفتار بلاشبہ قابل تحسین ہے، مریم نواز کو ان کی مضبوط انتظامی گرفت اور گڈ گورننس کی وجہ سے ’’آئرن لیڈی‘‘بھی قرار دیا جا رہا ہے۔ مریم نواز شریف کی کاوشوں سے اہل پاکستان کے 20برس پرانے بڑے خواب کی سنہری تعبیر سامنے آ رہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیکسٹائل و گارمنٹس سیکٹر میں چین کی یہ پہلی بھاری سرمایہ کاری شیخوپورہ کے قائد اعظم بزنس پارک میں کرنے پر غور کیا جا رہا ہے، جہاں چیلنج گروپ 100ایکڑ پر مشتمل جدید ترین اسپیشل اکنامک زون تعمیر کرے گا، اس میگا پراجیکٹ کی پروڈکشن کیپیسٹی کے مطابق ہر ماہ 60لاکھ میٹر کپڑے سے 20 لاکھ سے 80لاکھ تک مختلف سائز کے گارمنٹس تیار کئے جائیں گے اور اس حوالے سے تمام کپڑا اور دیگر خام مال پاکستان سے ہی حاصل کیا جائے گا، چیلنج گروپ ایکسپورٹ کوالٹی کی یہ ساری پروڈکشن امریکہ سمیت مختلف مغربی ممالک کو برآمد کرکے پاکستان کے لئے سالانہ 10 کروڑ ڈالر زرمبادلہ بھی کمائے گا، پاکستان کے ٹیکسٹائل سیکٹر کے لئے یہ ایک بڑا تازہ ہوا کا جھونکا ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کچھ عرصہ قبل ہی چین کا دورہ کیا تھا، اس دوران انہوں نے سی پیک فیز 2 کے تحت پاکستان میں چینی ٹیکسٹائل انڈسٹری کی منتقلی کے مختلف منصوبوں پر تیز رفتار مذاکرات کئے۔ انہی مذاکرات کے نتیجے میں چیلنج گروپ کے سربراہ ویگو ہانگ نے یوم آزادی کے پرمسرت موقع پر 14اگست کو لاہور میں اس پراجیکٹ کے ایم او یو پر دستخط کئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف اور لاہور میں چین کے قونصل جنرل ژا شیرین بھی اس موقع پر موجود تھے، چیلنج گروپ کے سربراہ ویگو ہانگ نے وزیر اعلیٰ مریم نواز کی انویسٹمنٹ فرینڈلی پالیسیوں کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاکستان کی یہ آئرن لیڈی چین کے ٹیکسٹائل سیکٹر کی منتقلی کے اس سارے عمل کو ون ونڈو کے انداز میں سپورٹ کر رہی ہیں۔ جس سے روایتی سرخ فیتے سے خوفزدہ چینی سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے اور آنے والے چند برسوں کے اندر چین سے اس شعبے میں اربوں ڈالر کی مزید سرمایہ کاری آئے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ پنجاب میں ایک بہت بڑا گارمنٹس سٹی بنانے کے میگا پراجیکٹ پر کام کر رہی ہیں، اس عظیم منصوبے کے تحت چین کی بڑی ٹیکسٹائل فیکٹریوں کو پنجاب میں منتقل کیا جائے گا جس سے صوبے میں روزگار کے لاکھوں نئے مواقع پیدا ہوں گے اور ملک میں اربوں ڈالر کا زرمبادلہ آئے گا، خاتون وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ پاکستان خصوصاً پنجاب میں ٹیکسٹائل اور گارمنٹس کے شعبے میں جو بہت بڑا انقلاب آ رہا ہے، اس کے لئے مستقبل قریب میں اسکلڈ ورکرز کی ضرورت بڑھے گی، وزیر اعلیٰ نے یہ خوشخبری بھی سنائی ہے کہ حکومت پنجاب اسکلڈ ورکنگ فورس کے شعبے میں ٹیوٹا (TEVTA) کے ذریعے مارکیٹ بیسڈ اسکلز پر مبنی فنی تعلیم میں مزید بھاری سرمایہ کاری کر رہی ہے۔ ایک طرف خیبرپختونخوا کے وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈاپور ہیں کہ جن کی تمام تر توجہ محاذ آرائی کی سیاست پر ہے اور وہ اپنے صوبے کے عوام کے لئے کوئی بڑا کام کرنے کی بجائے ہر چند ماہ بعد عوامی لشکر لے کر وفاقی دارالحکومت پر چڑھائی کر دیتے ہیں اور روایتی سیاسی چپقلشوں کی دلدل میں دھنس کر رہ گئے ہیں اور دوسری طرف پنجاب کی بیٹی مریم نواز ہے کہ جس نے سیاسی محاذ آرائی کے حوالے سے بھی عمران خان اور پی ٹی آئی کو ٹف ٹائم دیا ہے لیکن ساتھ ساتھ ٹیکسٹائل و گارمنٹس سیکٹر میں اپنے صوبے اور ملک کے لئے ایک بڑا پراجیکٹ بھی حاصل کر لیا ہے شاباش پنجاب سرکار ، شاباش مریم نواز۔

یہ بھی پڑھیں