Search
Close this search box.
بدھ ,24 جون ,2026ء

امریکہ اسرائیل ایران جنگ، پیشگوئیاں

آسٹرالوجرز ، ماہرین علم الاعداد ، پامسٹوں اور روحانی شخصیات کی طرف سے مستقبل یعنی آنیوالے حالات کے بارے میں پیشگوئیاں کرنے کا سلسلہ صدیوں سے جاری ہے، جہاں ان پیشگوئیوں کا ایک بڑا حصہ درست ثابت نہیں ہوتا، وہیں حیران کن طور پر بہت سی پیشگوئیاں حرف بہ حرف یا جزوی طور پر درست ثابت ہو جاتی ہیں، سندھ پنجاب بارڈر ایریا سے ملحق چولستان کے دامن میں واقع ضلع رحیم یارخان کے چک 127 پی کے رہائشی معروف آسٹرالوجر صوفی عبدالمجید سلیمی نے یہ پیش گوئی 2001 ء میں کی تھی کہ کہ 2026 2025 – میں ایران پر امریکہ و اسرائیل دیگر ممالک کے ساتھ مل کر خوفناک حملہ کریں گے اور اس دوران خوفناک بمباری اور میزائل حملوں سے اس کی اینٹ سے اینٹ بجا دیں گے، یہ پیش گوئی ان دونوں رحیم یارخان سے شائع ہونے والے مقامی اخبارات اور ملتان و کراچی سے شائع ہونے والے کئی قومی اخبارات میں بھی چھپی، لاہور کی بزرگ روحانی شخصیت حضرت بابا جی داتا دربار والے کی حالیہ برسوں میں کی گئی پیش گوئیاں تو یوٹیوب چینلز پر اب بھی موجود ہیں جن میں انہوں نے ایران پر امریکی و اسرائیلی حملے اور پاکستان، افغانستان اور بھارت کے درمیان جنگوں اور پراکسی وارز کے حوالے سے اور اس کے بعد پیش آنے والے حالات کے بارے میں حیران کن پیشگوئیاں کر رکھی ھیں جن کا بڑا حصہ درست ثابت ہو چکا ہے لیکن آنیوالے چند ماہ کے اندر ابھی مزید کیا بڑی بڑی قیامتیں برپا ہونے جا رہی ہیں اس حوالے سے انہوں نے مزید ہوشربا پیش گوئیاں کی ہیں، جو آج کے کالم میں ہم آپ کے ساتھ شیئر کریں گے۔
چند ماہ پہلے ہی وہاڑی، بورے والا، منچن آباد اور منڈی صادق گنج ایریاز میں جنات کو بوتل میں بند کر کے روحانی علاج کرنے والے نابینا عامل حافظ غلام اللہ محمدی نے پیش گوئی کی تھی کہ ایران پر امریکہ و اسرائیل مل کر خوفناک حملہ کریں گے اور اس دوران اتنی تباہی پھیلے گی کہ جس کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا، انہوں نے یہ پیشگوئی بھی کی تھی کہ اس جنگ کے دوران ایران تو بہت بڑے پیمانے پر تباہ ہو گا ہی، خلیجی ممالک اور خود اسرائیل میں بھی بہت بڑے پیمانے پر تباہی مچے گی اور بحیرہ عرب اور بحیرہ قلزم میں امریکی طیارہ بردار جہاز بھی نشانہ بنیں گے اور انہیں حالت کشف میں طیارہ بردار جہاز آگ کی لپیٹ میں دکھائے گئے ہیں، اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے یہ پیش گوئی بھی کی تھی کہ خطے میں تیل و گیس کی تنصیبات اور آئل ٹینکرز کی اتنے بڑے پیمانے پر تباہی ہو گی اور امریکی و ایرانی جنگی بحری جہازوں کو آگ لگنے اور ان کے ڈوبنے سے خلیج فارس ، خلیج عمان اور بحیرہ عرب میں اتنی آلودگی پھیلے گی کہ سمندر کا پانی زہریلا ہو جائے گا اور بہت بڑے پیمانے پر آبی حیات ماری جائے گی اور سمندروں کی اس آلودگی کی وجہ سے خطے کے تمام ممالک میں زہریلی بارشوں اور پہاڑوں پر زہریلی برف باری ہو گی جس کی وجہ سے مشرقی افریقی ممالک، مشرق وسطیٰ، جنوبی ایشیاء اور وسط ایشیاء متاثر ہوں گے اور انسانوں، حیوانات اور فصلوں کو مختلف بیماریوں کا سامنا کرنا پڑے گا، اور بارشوں و ہواں کے ذریعے یہ مہلک اثرات انہیں یورپ تک جاتے دکھائے گئے ہیں، انہوں نے یہ پیش گوئی بھی کی تھی کہ یہ جنگ چار ماہ سے دو سال تک جاری رہے گی، جبکہ کچھ مکاشفات میں انہیں پانچ برس تک اس جنگ کے جاری رہنے کا بتایا گیا اور یہ خبر بھی دی گئی کہ رفتہ رفتہ پورا خطہ اس جنگ میں شامل ہوتا جائے گا اس لیئے یہ جنگ تیسری عالمی جنگ کا نقطہ آغاز بھی ثابت ہو سکتی ہے،آٹھ دس روز قبل تہران کے چار بڑے آئل ڈپوز اور ایک پمپنگ اسٹیشن کی تباہی کے بعد زہریلے دھوئیں اور تیل و گیسوں سے آلودہ بارش نے نابینا عامل حافظ غلام اللہ کی پیش گوئی کا ایک حصہ تو پورا کر دیا ہے، اب اسرائیل نے ایران کا پارس گیس فیلڈ پر جو حملہ کیا ہے اور جواب میں ایران نے سعودی عرب اور خلیجی ممالک کی آئل و گیس تنصیبات کو بڑے پیمانے پر نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے اس سے حافظ غلام اللہ محمدی کی پیشگوئی کا دوسرا حصہ بھی خاکم بدہن پورا ہوتا نظر آ رہا ہے ، امریکہ کے دونوں بڑے طیارہ بردار جہاز یو ایس ایس ابراہام لنکن اور یو ایس ایس جیرالڈ فورڈ آگ لگنے سے متاثر ہونے کی خبریں اور مرمت کیلئے یورپ و امریکہ واپسی کی مبینہ اطلاعات بھی آ رہی ہیں، یہ سب دیکھ کر آسٹرالوجرز اور روحانی شخصیات کی پیشگوئیاں یکسر نظر انداز کرنے کی بھی ہمت نہیں رہتی اس لیئے بہت سے اخبار نویس بار بار ان سے رجوع کرتے رہتے ہیں۔
لاہور کی بزرگ روحانی شخصیت حضرت بابا جی داتا دربار والوں نے اب مزید پیش گوئی کی ہے کہ امریکہ اسرائیل ایران جنگ کی دلدل میں مشرق وسطیٰ کے تمام مسلمان ممالک بھی دھنس جائیں گے اور اس جنگ میں ابتدائی طور پر یوں محسوس ہو گا کہ امریکہ و اسرائیل کی سازش کامیاب ہو گئی ہے اور مسلمانوں کو مسلمانوں سے لڑوا کر انہوں نے پورے خطے پر اپنا جیو اسٹریٹجک قبضہ مستحکم کر لیا ہے لیکن پھر اللہ رب العزت کے کرم سے حالات میں معجزانہ تبدیلیاں آنا شروع ہوں گی، اور یہ جنگ ایسی خوفناک صورت اختیار کرے گی کہ خطے میں خون کی ندیاں بہنے لگیں گی اور لاکھوں انسان ہلاک و زخمی ہوں گے، خود امریکی و اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکتیں بھی ہزاروں میں ہونا شروع ہو جائیں گی جس کا نتیجہ یہ نکلے گا کہ خود امریکہ میں یہ جنگ بند کرنے کی تحریک اسی طرح شروع ہو گی جس طرح ویت نام جنگ بند کرنے کے حوالے سے سے امریکی رائے عامہ متحرک ہوئی تھی، ایک دوسرے کی تیل و گیس تنصیبات کو نشانہ بنانے کی وجہ سے پورے خطے کے سمندر ، پہاڑ، دریا، ہوائیں، فضائیں اور بارشیں انتہائی مضر صحت ہو جائیں گی اور مختلف وبائی امراض پھوٹ پڑیں گے، حکومت پاکستان کو اس حوالے سے ویکسی نیشن اور دیگر ادویات کا پیشگی انتظام کرنا چاہیئے۔ حضرت بابا جی داتا دربار والوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ مشرق وسطی کی اس جنگ میں چین، روس اور شمالی کوریا خفیہ طور پر روز اول سے ہی شامل ہیں، لیکن ان کا یہ کردار وقت گذرنے کے ساتھ مزید بڑھتا جائے گا اور پورے مشرق وسطیٰ میں امریکی فوجی موجودگی کیخلاف ایک بڑی پراکسی جنگ شروع ہو جائے گی، جس کو روس، چین اور شمالی کوریا کی طرف سے خفیہ طور پر ڈالرز اور اسلحہ سپلائی کیا جائے گا، یوں اس جنگ کو فوری طور پر جیت کر ایران پر مکمل کنٹرول حاصل کرنے کی پینٹاگون ، سی آئی اے اور موساد کی خواہش پوری نہیں ہو سکے گی، بابا جی کا فرمانا ہے کہ جنگ کے پھیل جانے اور طول پکڑنے کی وجہ سے پاکستان ، بھارت اور بنگلہ دیش کے ہنر مند تارکین وطن کی بڑی تعداد کو واپس آنا پڑے گا جس کے نتیجے میں پاکستان کی ترسیلات زر پر بھی منفی اثرات مرتب ہوں گے، پاکستان کو موجودہ صورت حال میں پھونک پھونک کر قدم رکھنے چاہیئں کیونکہ عالمی سازش کا اگلا حصہ ترکی اور پاکستان کو جنگ کی دلدل میں دھنسانا ہے جس کیلئے بھارت و افغانستان اور اسرائیل و یونان کو استعمال کیا جائے گا، واللہ اعلم باالصواب

یہ بھی پڑھیں