بالودہ بازار (نیوز ڈیسک) چھتیس گڑھ کے ضلع بالودہ بازار میں محبت کی شادی کے بعد شوہر نے اپنی بیوی کو شک کی بنیاد پر قتل کر دیا۔ پولیس کے مطابق 21 سالہ سنجو نشاد اور 22 سالہ سنگیتا نشاد کی شادی چھ ماہ قبل ہوئی تھی۔
اہل خانہ اور پولیس ذرائع کے مطابق شادی کے بعد میاں بیوی کے درمیان تعلقات کشیدہ رہے۔ سنجو کا مؤقف تھا کہ شادی کے بعد اس کے اور بیوی کے درمیان تعلقات قائم نہیں ہوئے، اس کے باوجود سنگیتا حاملہ ہو گئی۔ اسی شک کی بنا پر دونوں میں اکثر جھگڑے ہوتے تھے۔
18 اگست کو جھگڑا شدت اختیار کر گیا جس پر سنجو نے غصے میں آ کر اپنی بیوی کا گلا کاٹ دیا اور لاش کو بوری میں ڈال کر قریبی ندی میں پھینک دیا۔ بعد ازاں وہ معمول کی زندگی گزارتا رہا تاکہ کسی کو شبہ نہ ہو۔
دو دن بعد سنگیتا کے گھر والوں نے گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی۔ 26 اگست کو ندی کے کنارے سے سنگیتا کی لاش برآمد ہوئی جس پر پولیس نے تحقیقات شروع کیں۔ تفتیش کے دوران شوہر سنجو نے آخرکار اپنے جرم کا اعتراف کر لیا۔
پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
مزیدپڑھیں:والدہ کا نام ب فارم پر درست کروانے کا طریقہ


