دبئی (ویب ڈیسک) یو اے ای میں یوم پرچم انتہائی اہمیت اور حب الوطنی کا دن ہے جو ہر سال 3 نومبر کو منایا جاتا ہے، شیخ محمد بن راشد کی قوم سے اس دن پرچم لہرانے کی اپیل کی ہے۔
ایکس پر پیغام میں متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، وزیرِاعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے ملک کی تمام وزارتوں، اداروں اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ 3 نومبر بروز پیر صبح 11 بجے ایک ساتھ یو اے ای کا قومی پرچم لہرائیں۔
اپنے سرکاری سوشل میڈیا پیغام میں شیخ محمد بن راشد نے کہا’ 3 نومبر کو ہم یو اے ای کا یوم پرچم دن مناتے ہیں، یہ وہ دن ہے جب ہم اپنے وطن سے وفاداری کے عہد کو تازہ کرتے ہیں، اپنی سرزمین سے محبت کا اظہار کرتے ہیں اور اپنے جھنڈے ، جو ہماری خودمختاری اور اتحاد کی علامت ہے ، کو فخر سے بلند کرتے ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا’ ہم تمام اماراتیوں، مکینوں اور اداروں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ پیر، 3 نومبر کو صبح 11 بجے یو اے ای کا پرچم بلند کریں، تاکہ ہم سب ایک قوم کے طور پر اتحاد، محبت اور وفاداری کی علامت بن سکیں۔‘
یو اے ای میں یوم پرچم کی اس سال 13ویں سالگرہ منائی جائے گی، اگرچہ اس روز سرکاری تعطیل نہیں، مگر ہر سال اماراتی شہری اور غیر ملکی باشندے دفاتر، اسکولوں، پارکوں اور عوامی مقامات پر پرچم کشائی کی تقریبات میں شریک ہوتے ہیں۔
یو اے ای میں یوم پرچم منانے کی ابتدا 2013 میں ہوئی تھی، جب شیخ محمد بن راشد نے اسے اُس وقت کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید النہیان کی صدارت سنبھالنے (2004) کی سالگرہ کے موقع پر منانے کا اعلان کیا تھا۔
اس کے بعد سے یہ دن ہر سال 3 نومبر کو قومی فخر اور اتحاد کی علامت کے طور پر منایا جاتا ہے۔
مزید پڑھیں: انکوائری رپورٹ میں ایس پی عدیل اکبر کی موت کی اصل وجہ سامنے آگئی

