مظفرآباد(اوصاف نیوز)آزاد کشمیر کے وزیراعظم کے استعفے کی خبر پر ان کے ترجمان نے کہا ہے کہ انوار الحق کے استعفیٰ کی خبریں جھوٹ پر مبنی ہیں۔
موجودہ سیاسی صورتحال کے تناظر میں ترجمان نے واضح کیا کہ آزاد کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوار الحق کے استعفیٰ کی خبریں جھوٹی ہیں، آزاد کشمیر کے وزیراعظم نے آزاد کشمیر کے صدر کو کوئی استعفیٰ نہیں بھجوایا۔
وزیر اعظم آزاد کشمیر کے ترجمان نے مزید کہا کہ وزیر اعظم چوہدری انوار الحق سے منسوب گفتگو بھی من گھڑت ہے۔
مظفرآباد میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے کہا کہ جب تک میرے پاس قلم کی طاقت ہے میں اپنے فرائض سرانجام دیتا رہوں گا۔
چوہدری انوارالحق نے کہا کہ عدم اعتماد جمہوریت کا حسن ہے اور میری قدر میرے جانے کے بعد ہوگی، میں جس گھر میں اپنی جان کی خاطر پیدا ہوا اس کو آگ نہیں لگا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ میرے چہرے پر کوئی افسوس نہیں ہوگا، میں اکیلا آیا ہوں، آج دوستوں کے درمیان کھڑا ہوں، میں واحد وزیراعظم ہوں جس نے خزانہ بھرا ہے خالی نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ میں جلد پریس کانفرنس کروں گا جس میں تفصیل سے بات کروں گا۔ میں اپنی کارکردگی سے مطمئن ہوں۔ اللہ نے مجھے کامیاب کیا ہے۔ میں اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں۔ اگر کسی کا نمبر گیم مکمل ہے تو وہ عدم اعتماد کا ووٹ کیوں نہیں لاتے؟
مزید پڑھیںٌ:جمہوریت کے وسیع تر مفاد میں اتفاقِ رائے ضروری ہے: گورنر پنجاب
