لاہور(اوصاف نیوز)مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک طیفی بٹ کے بہنوئی جاوید بٹ کے قتل کے معاملے میں نئی پیشرفت سامنے آگئی ہے۔ پولیس نے 10 ماہ بعد مرکزی ملزم کی گرفتاری کی کوششیں شروع کر دیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق انوسٹیگیش پولیس نے مرکزی نامزد ملزم کی گرفتاری کے لئے ٹرکاں والا کے ڈیرے پر گزشتہ رات چھاپہ مارا۔ پولیس نے مقدمہ میں نامزد ملزم امیر فتح کی گرفتاری کی لئے چھاپہ مارا۔
پولیس ذرائع نے بتایا ہے کہ پولیس کے پہنچنے سے قبل ہی مرکزی نامزد ملزم امیر فتح فرار ہوگیا۔ پولیس نے ٹرکاں والے ڈیرے سے تین افراد کو حراست میں لے لیا۔ زیرحراست میں لئے جانے والے افراد میں دو اڈے کے منشی شامل ہیں۔
پولیس حکام کا بتانا ہے کہ ایف آئی آر میں نامزد امیر فتح کی عبوری ضمانت 12 دسمبر 2024 کو خارج ہوچکی ہے۔ ڈی ایس پی انویسٹی گیشن اچھرہ کا کہنا ہے کہ ملزم امیر فتح جاوید بٹ قتل کیس میں عدالتی مفرور ہیں۔
امیر معصب کی جاوید بٹ قتل کیس میں رواں سال جون میں ضمانت کنفرم ہوچکی ہے۔ امیر معصب اور ملزم امیر فتح مقتول امیر بالاج کے بھائی ہیں۔ جاوید بٹ قتل کیس کے دوسرے نامزد ملزم قیصر سہیل کی مقتول فیملی سے صلح ہوچکی ہے۔
صلح کی بنیاد پر قیصر لکھو ڈیر کی ضمانت رواں سال یکم مارچ کو کنفرم ہو چکی ہے۔
یاد رہے کہ طیفی بٹ کے بہنوئی جاوید بٹ کو کینال روڈ پر گزشتہ 2 ستمبر کو قتل کیا گیا تھا۔ جاوید بٹ کے قتل کا مقدمہ تھانہ اچھرہ میں درج ہے۔


